بیروزگار نوجوانوں کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کر دیا گیا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پاکستان نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے وزیراعظم یوتھ ٹریننگ سکیم کے تحت ایک سالہ انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق باخبر اور ذمہ دار حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے بیروزگار نوجوان جو 16 سالہ تعلیم رکھتے ہیں 11 فروری تک pmyts.nip.gov.pk پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق منتخب نوجوانوں کو وفاقی اور صوبائی اداروں، صنعتوں، بینکوں، کارپوریشنز اور مختلف پرائیویٹ اداروں میں انٹرن شپ کرائی جائے گی اور ماہانہ 12000 روپے تک وظیفہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مدرسے سے فارغ التحصیل طلباءبھی انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں کل 50,000 انٹرن شپ دی جائیں گی۔
حکام کے مطابق انٹرن شپ کا کوٹہ این ایف سی ایوارڈ اور وفاقی پبلک سروس کمیشن کے بھرتیوں کے طریقہ کار کے تحت صوبوں کو دیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد بیروزگار نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔