نواز شریف نے اپنی سابقہ حکومتوں کی مدت کا ریکارڈ توڑ دیا

نواز شریف نے اپنی سابقہ حکومتوں کی مدت کا ریکارڈ توڑ دیا
نواز شریف نے اپنی سابقہ حکومتوں کی مدت کا ریکارڈ توڑ دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف اور ن لیگ نے اپنی سابقہ حکومتوں کی مدت کا ریکارڈ توڑ دیا ۔تفصیلات کے مطابق سینئر تجزیہ نگار کامران خان کا کہناتھا کہ وزیر اعظم وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد 969 دن بخیر و خوبی حکومت چلا چکے ہیں۔انہوں نے تیسری مرتبہ 5جون 2013کو عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔نواز شریف اس سے پہلے 17فروری 1997سے 12اکتوبر 1999کو 968روز حکومت کر سکے تھے اور 12اکتوبر 1999کو اس وقت کے آرمی چیف پرویز مشرف نے ان کی حکومت ختم کردی تھی۔نواز شریف پہلی بار 6اکتوبر 1990کو وزیر اعظم بنے تھے اور 895دن کے بعد اس وقت کے صدر غلام اسحاق نے 18اپریل 1993کو ان کو گھر بھیج دیا تھا۔نواز شریف نے اپنے دور اقتدار کا ریکارڈ بنا لیا ہے اورجمعہ کوان کے طویل ترین دور اقتدار کا پہلا دن ہے۔انہوں نے اس دوران مثبت اقدامات بھی کئے ہیں۔ان کی کارکردگی کو مجموعی طور پر تسلی بخش کہا جا رہا ہے مگر گورننس پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔صورتحال بہت اچھی ہے نہ بہت خراب۔ان کی اس دور میں سول ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی نظر آتی ہے اور سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے جس کاان کے پہلے ادوار میں فقدان تھا۔
نواز شریف اور جنرل راحیل شریف ایک جگہ متحد نظر آتے ہیں مگر یہ منفی بات ہے کہ نواز شریف کابینہ کے اہم ارکان کے درمیان ہم آہنگی نہیں پیدا کرسکے ان کی کابینہ موثر ٹیم کی طرح کام نہیں کر رہی۔یہ مثبت بات ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران نواز شریف نے بالغ نظری کا ثبوت دیا۔ان کی حکومت بھی بچ گئی اور جمہوریت بھی بچ گئی لیکن یہ بات منفی ہے کہ نواز شریف نے قومی اسمبلی کے 234اجلاسوں میں سے صرف 37 میں شرکت کی اور ان کی حاضری کا تناسب 15فیصد تھااور یہی تناسب سینیٹ میں بھی دیکھا گیا۔انہوں نے کراچی ،پشاور اور کوئٹہ کی صوبائی حکومتوں میں کسی جگہ ایک رات بھی قیام نہیں کیا۔ میگا کرپشن کے الزامات کا وفاقی حکومت کو سامنا نہیں ہے اور وفاقی حکومت کے حوالے سے کرپشن کی چھاپ بالکل نظر نہیں آتی لیکن نواز شریف کے اپنے سیاسی وعدوں کے لحاظ سے یہ بات بہت منفی ہے کہ حکومت کے تیسرے سال بھی پنجاب بد ترین گیس لوڈ شیڈنگ کا شکار ہے اور اس میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ چکا ہے لیکن مجموعی طور پر ان کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔

مزید :

لاہور -