لیسکو شالیمار ڈویزن کا کریک ڈاؤن 35گھروں میں بجلی چوری پکڑلی،تاریں اور میٹر قبضہ میں لے لئے

لیسکو شالیمار ڈویزن کا کریک ڈاؤن 35گھروں میں بجلی چوری پکڑلی،تاریں اور میٹر ...

  



 لاہور(خبرنگار) ایکسین شالیمار ڈویژن عامر نواز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بجلی چوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرکے چھاپہ گاؤں میں 35گھروں میں بجلی چوری پکڑ لی ہے۔ ایکسین شالیمار عامر نواز کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی کہ سرحدی علاقہ میں واقع چھاپہ گاؤں میں ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر بڑے پیمانے پر بجلی چوری کی جا رہی ہے جس پر انہوں نے ایس ای تھرڈ سرکل چودھری رشید احمد خاں کی نگرانی میں ایس ڈی او صحافی کالونی حبیب بلوچ، ایس ڈی او واہگہ سبحان صدیق، ایس ڈی او باٹا پور خالد فرمان اور ایم این ٹی کی ٹیموں سمیت ٹاسک فورس کے ہمراہ وہاں پر چھاپہ مارا توہر دوسرے گھر میں بجلی کا میٹر سٹاپ پایا گیا اور بجلی کی تاروں سے ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر بڑے پیمانے پر بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ ایکسین شالیمار عامر نواز کے مطابق بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بجلی کے میٹر منقطع کر کے تاروں سمیت قبضہ میں لے لئے گئے ہیں اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1