ڈیر ہ غازی خان میں سفاری پارک بنانے کی منظوری،صنعتی شعبے میں خواتین کی عملی شرکت معیشت کو مستحکم کریگی: عثمان بزدار

  ڈیر ہ غازی خان میں سفاری پارک بنانے کی منظوری،صنعتی شعبے میں خواتین کی عملی ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان میں 500 ایکڑپر سفاری پارک کے منصوبے کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفاری پارک میں ایک بڑا اور4 چھوٹے انکلوژر بنائے جائیں گے، پارک میں پکنک سپاٹ اور کیفے ٹیریا کے ساتھ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی،سوئمنگ پول اور چلڈرن پارک بھی بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک اجلاس میں سفاری پارک ڈی جی خان میں شجرکاری ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو معیاری تفریح گاہ کی فراہمی کیلئے سفاری پارک کا منصوبہ جلد از جلد آپریشنل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تفریحی سرگرمیوں کے محدود مواقع ہیں اورماضی میں اس علاقے کو ترقی کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی پسماندہ رکھا گیالیکن سفاری پارک کا منصوبہ آپریشنل ہونے سے جنوبی پنجاب کے عوام کو تفریح کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے بہاولپور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدرشیری ارشدخان کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے صنعتی شعبے میں خواتین کی عملی شرکت صوبے کی معیشت کو مستحکم کرے گی، صوبے میں 6سپیشل اکنامک زونز کاقیام عمل میں لایا جا رہاہے جبکہ4مزید سپیشل اکنامک زونز جلد نو ٹیفائی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کا پروگرام تشکیل دیاہے جس میں خواتین کو بھی شامل کیاگیاہے۔ خواتین کے لئے قرضے کی شرائط کو مزید آسان بنایا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا دفتر جنوبی پنجاب میں بھی قائم کیا جائے گا۔ بہاولپور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نے کہاکہ کاروباری خواتین آگے بڑھیں اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوا ہے،نیا پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے اوپن ہے لہٰذا سرمایہ کاری کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت یا مشکل پیش نہیں آئے گی۔ صدربہاولپور وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیری ارشدخان نے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قیام امن کیلئے پنجاب رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اورسرحدوں کی حفاظت کیلئے پنجاب رینجرز کے افسروں اورجوانوں کی جرأت اور بہادری کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی بے مثال کامیابیاں تاریخ کا انمٹ نقوش ہیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول