میاں اکرم فرید آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب

میاں اکرم فرید آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر میاں اکرم فرید آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے نئے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں فاؤنڈرگروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین زبیر احمد ملک نے نومنتخب چیئرمین میاں اکرم فرید سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔میاں اکرم فرید کا شمار پاکستان کے ممتاز صنعتکاروں میں ہوتا ہے۔ میاں اکرم فرید اس وقت سکلز ڈویلپمنٹ کونسل اسلام آباد کے چیئرمین، صدر اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن، لائف ٹائم ممبر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، چیف ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کیپٹل آفس، صدر ہوٹلز اینڈ موٹلزایسوسی ایشن اسلام آباد، راولپنڈی اینڈ ناردرن ایریاز، چیئرمین آئرن اینڈ سٹیل ایسو سی ایشن راولپنڈی اور سینئر وائس چیئرمین پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن کی حیثیت سے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ 1984سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اس سے پہلے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سابق نائب صدر اور انڈو پاک چیمبر آف کامرس کے سابق ایگزیکٹو ممبرکی حیثیت سے بھی تاجر برادری کیلئے مفید خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے میاں اکرم فرید نے فاؤنڈر گروپ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کو گروپ کا چیئرمین منتخب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فاؤنڈر گروپ کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے اور گروپ ممبران کی مشاورت سے تمام اہم فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آبا د چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو تاجروں وصنعتکاروں کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے ضروری رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔

انہوں نے فاؤنڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین زبیر احمد ملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر گروپ کو مزید موثر بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ انٹرسٹ ریٹ کو کم کرے کیونکہ بلند شرح سود اس وقت کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے انہوں نے کہا کہ خاص طور پر صنعتی خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی کم کی جائے تاکہ صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بھی حکومت سازگار حالات پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اور رکوڈیک و کارکے جیسے واقعات کو دہرانے سے گریر کیا جائے اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر اعتمادفراہم کیا جائے۔ فاؤنڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین زبیر احمد ملک نے اپنے خطا ب میں گروپ کے تمام اراکین اور چیمبر کے ممبران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گروپ کے معاملات کو بہتر طریقے سے چلانے کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں جمہوری طریقے سے گروپ کے معاملات کو چلانے کی کوشش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے میاں اکرم فرید کو گروپ کا نیا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تاجر برادری کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے چیمبر کی ضروری رہنمائی فرماتے رہیں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے اپنے خطاب میں میاں اکرم فرید کو فاؤنڈر گروپ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں فاؤنڈر گروپ مزید مضبوط ہو گا۔ انہوں نے فاؤنڈر گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین زبیر احمد ملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اسلام آباد کی تاجر وصنعتکار برادری میں ہمیشہ اتحاد قائم رکھا اور چیمبر کو اپنے معاملات بہتر طریقے سے چلانے کیلئے ہمیشہ بہتر رہنمائی فراہم کی۔ طارق صادق، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، چوہدری وحید الدین، زاہد مقبول، ناصر خان، کریم عزیز ملک،شیخ عامر وحید، احمد حسن مغل، شعبان خالد، محسن خالد، اجمل بلوچ، ملک سہیل حسین، خالد چوہدری اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے صدور سمیت تاجر برادری کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی اور انہوں نے میاں اکرم فرید کو فاؤنڈر گروپ کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔

مزید : کامرس