نمائشیں معاشی خود انحصاری اور ایکسپورٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، صدر راولپنڈی چیمبر

      نمائشیں معاشی خود انحصاری اور ایکسپورٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، صدر ...

  



راولپنڈی (کامرس ڈیسک) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صبور ملک کی قیادت میں وفد نے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (DEPO) کے ڈائریکٹرکو آرڈینیشن بریگیڈئیرعلی عمارحیدر سے ملاقات کی۔ ڈیپو کے ڈائریکٹر نے وفد کو دفاعی پیداوار سے منسلک مصنوعات اور سروسز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیپو نے دفاعی ساز و سامان کی ایکسپورٹ اور سروسز میں پچھلے بیس سال میں کئی کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ آئیڈیاز کے نام سے ہر سال دفاعی نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں بیرون ممالک سے کمپنیاں، دفاعی تجزیہ کار، مندوبین اور اعلی سطح کے ماہرین شرکت کرتے ہیں۔

آئیڈیاز کے پلیٹ فارم سے دفاع کے شعبے میں جدت، نئی ٹیکنالوجی، مستقبل کے دفاعی آلات اور سروسز کے حوالے سے معلومات و روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور نمائش کے انعقاد پر راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کی تعریف کی۔راولپنڈی چیمبر کے صدر صبور ملک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دفاعی صلاحیت میں خود کفیل ہے۔ اب پاکستان دفاعی پرزہ جات، اسلحہ، تربیتی جہاز، جنگی ساز و سامان کی ایکسپورٹ میں بھی نام کما رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائشیں کسی بھی ملک کی معاشی خود انحصاری اور ایکسپورٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی راولپنڈی چیمبر آف کامرس اپریل میں راول انٹر نیشنل ایکسپو منعقد کر رہا ہے۔ انہوں نے چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بھی ایک مختصر بریفنگ دی، وفد میں سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، کمیٹی کنوئینر ناصر مرزا بھی شامل تھے۔

مزید : کامرس