چیف جسٹس نے نیب کی حقیقت کھول کر رکھ دی، کرپشن اور مہنگائی کرونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک: سراج الحق

چیف جسٹس نے نیب کی حقیقت کھول کر رکھ دی، کرپشن اور مہنگائی کرونا وائرس سے بھی ...

  



لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپشن اور مہنگائی کرونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ کئی افراد اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر چکے ہیں۔ حکومت نے دعوؤں میں تمام سابقہ حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا مگر عملی اقدامات خورد بین سے بھی نظر نہیں آتے۔ چیف جسٹس نے نیب کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے۔ گورنر سٹیٹ بنک زرعی ملک کی زراعت کی زبوں حالی کا مژدہ سنا رہے ہیں۔ حکومت نے ریلوے سمیت تمام قومی ادارے تباہ کردئیے ہیں۔ تعلیمی ترقی کے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر اعظم بڑھتی ہوئی مہنگائی پرسخت برہمی کا اظہار بھی کر تے ہیں اور بجلی، گیس اور تیل سمیت قیمتوں میں اضافے پر دستخط بھی کرتے جارہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں تعلیم کی بہتری کے لیے ہونے والے اجلاس اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم، پروفیسر محمد ابراہیم، سید وقاص جعفری، حافظ ساجد انور، سید شاہد ہاشمی سمیت معروف ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کروناوائرس کا خوف پوری دنیا میں پھیل رہاہے۔ اس وائرس سے چائینہ سمیت دنیا میں سینکڑوں اموات ہوچکی ہیں او ر ہزاروں لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکراپنی زندگیوں کا خاتمہ کرنے والوں کی تعداد کروناوائرس سے مرنے والوں سے کہیں زیادہ ہے لیکن حکومت تمام تر وعدوں اور دعوؤں کے باوجود کرپشن، مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں اب تک ناکام ہے۔ حکومت نے کرپشن کے خاتمے اور قومی دولت لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے اور عوام کو سبز باغ دکھائے تھے مگر اٹھارہ ماہ گزرنے کے باوجود اس سمت کوئی ایک قدم نہیں اٹھا سکی۔ انہوں نے کہاکہ اب تو سپریم کورٹ نے بھی واشگاف الفاظ میں نیب کے مظالم اور استحصال کا ذکر کیاہے اور کہاہے کہ نیب کے نااہل افسران ملزموں کو دس دس سال رگڑتے ہیں مگر فیصلہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے کرپشن کا خاتمہ اور مافیاز کو کنٹرول کرنا انتہائی ضروری ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ فلسطین کے حصے بخرے کرنے اور بیت المقدس پر اسرائیل کے مستقل قبضہ کا ٹرمپ کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکے گا۔ عالم اسلام کو اجتماعی طور پر اس فارمولے کے جواب میں فلسطین اور بیت المقدس کی مکمل آزادی کا فارمولا دینا چاہیے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر