نجی شعبے کو مراعات، آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں، سنجرانی

نجی شعبے کو مراعات، آسان اقساط پر قرضے فراہم کئے جائیں، سنجرانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہاہے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کو زیادہ سے زیادہ مراعات اور آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ صادق سنجر انی نے گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر سے بدھ کے روزپارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے گورنر سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ مرکزی بینک، زرعی ترقیاتی بینک کیساتھ ساتھ دیگر بینکوں سے زراعت، معدنیات اور گلہ بانی کے شعبوں میں سر مایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کیلئے بلوچستان کے کاروباری اور بلخصوص نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائے۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا افراط زر میں اضافے پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات قابل ستائش ہیں۔ ملکی معیشت کے فروغ کیلئے تجارتی عدم توازن کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے،اس مقصد کے حصول کیلئے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے نجی شعبے کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنی ہو گی اور درآمدات کی کمی کیلئے مقامی مصنوعات پر زیادہ انحصار کرنے کی ضرورت ہے۔ مقامی صنعتوں کو آسان قرضوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ موثر و فعال بنایا جاسکتا ہے جس سے نہ صرف برآمدات کے اضافے میں مدد ملے گی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے مختلف شعبوں میں حکومت اور بلخصوص مرکزی بینک کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کو سراہا اور امید ظاہر کی ا ن پالیسیوں کی بدولت عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ملکی معیشت کو مزیدتقویت دینے میں مدد ملے گی، گورنر سٹیٹ بینک نے چیئر مین سینیٹ کو معاشی اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کیساتھ ایسے اقدامات اٹھائے جا ر ہے ہیں جن کے مستقبل میں مثبت نتائج برآمد ہونگے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔انہوں نے یقینی دہانی کرائی کہ وہ جلد بلوچستان کا دورہ اور زرعی ترقیاتی بینک سمیت تمام متعلقہ بینکوں سے زراعت، معدنیات اور گلہ بانی کے شعبوں میں قرضوں کی آسان فراہمی کیساتھ سا تھ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں گے، وہ اس سلسلے میں کاروباری طبقے اور دیگر متعلقہ شعبوں سے مشاورت بھی کریں گے۔
سنجرانی