ایلیٹ فورس ہرطرح کے آپر یشنز کومکمل کرنے کی صلاحیتوں سے مالا مال، آئی جی

    ایلیٹ فورس ہرطرح کے آپر یشنز کومکمل کرنے کی صلاحیتوں سے مالا مال، آئی جی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کی جدید تربیت یافتہ اورسپیشلائزڈ فور س ہے جس کے سپاہی مشکل سے مشکل حالات میں بھی ہر طرح کے آپریشنز کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں لہذاا س فورس کو سیکیورٹی یا پروٹوکول ڈیوٹی کی بجائے صرف ہائی پروفائل اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران استعمال کیا جائے تاکہ ایلیٹ فورس کے جانبازوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے اور معاشرے کودہشت گرد،شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے عمل کو تیز سے تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریننگ کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ کومبنگ آپریشنز کی تکمیل کے حوالے سے اگر ٹریننگ کے معیار میں مزیدبہتری کی گنجائش ہے توجدید پولیسنگ اور کرائم فائٹنگ کے ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے تاکہ پیشہ ورانہ طور پرمزید قابل اور مضبوط اہلکار تیار ہوکر فیلڈ میں آسکیں۔ ایلیٹ اہلکاروں کی ترقی سے متعلقہ امور میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران ذاتی دلچسپی سے بلاتاخیرفوری نمٹائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کوہدایات دیتے ہوئے کیا۔دوران اجلاس ایلیٹ فورس کی ٹریننگ اور محکمانہ امور سے متعلق امور زیر بحث آئے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف نے آئی جی پنجاب ایلیٹ کی کارکردگی،درپیش چیلنجز اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب، شعیب دستگیر نے دوران خطاب جوانوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کچہ آپریشن جیسے مشکل اور دشوار گزار علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں سپیشل آپریشن یونٹ کی کارکردگی قابل ستائش ہے جس کی بدولت کچے کے علاقوں میں نوگو ایریاز کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سپیشل آپریشن یونٹ میں شامل اہلکاروں کو جدید ترین اسلحہ سمیت دیگر ساز و سامان کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے تاکہ اہلکار بے فکری اوردلیری کے ساتھ فیلڈ میں شجاعت اور پروفیشنلزم کی مثالیں قائم کرتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایلیٹ فورس اگر آپریشن کے سلسلے میں کسی دوسرے ضلع میں جائے گی تو اہلکاروں کی رہائش اور کھانے کیلئے انتظامات کرنا مقامی ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہوگی اور جن افسران نے اس سلسلے میں کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ کیا انہیں جواب دہ ہونا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مختلف اضلاع میں تعینات ایلیٹ اہلکاروں کی کارکردگی کی انسپکشن اور ویلفیئر سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے افسران مختلف ریجنز اور اضلاع کے فیلڈ دوروں کا آغاز کریں اور ان دوروں کی تفصیلی رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھی بھجوائی جائیں۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ شاہد حنیف، ڈی آئی جی ایلیٹ محمد انکسار خان افغان، ڈائریکٹر ایس او یو کرنل سعد سلیم، ایس پی ہیڈ کوارٹرز ایلیٹ سید جعفر عباس شاہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید :

علاقائی -