قندوز، طالبان کا چیک پوسٹ پر حملہ، 35اہلکارہلاک، 4کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

  قندوز، طالبان کا چیک پوسٹ پر حملہ، 35اہلکارہلاک، 4کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کابل(آئی این پی)افغانستان کے صوبہ قندوز میں طالبان نے فوجی چیک پوسٹس پر حملہ کیا جس میں 15افغان فوجی جاں بحق جب کہ 13زخمی ہو گئے، دوسری جانب طالبان کا دعویٰ ہے کہ طالبان کے اس حملے میں 35افغان فوجیوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ 4کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز کی چار بکتر بند گاڑیاں تباہ اور اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قندوز کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ منگل کی رات کو طالبان نے دشت ارچی ضلع میں سکیورٹی چوکیوں پر حملہ کیا جسکے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طالبان حملے میں 15افغان فوجی جاں بحق جب کہ 13زخمی ہو ئے ہیں۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ اس حملے میں 35فوجی ہلاک اور چار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی چار بکتر بند گاڑیاں تباہ کردی گئیں اور طالبان جنگجوؤں نے درجنوں اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا۔ قندوز کی صوبائی کونسل کے نائب سربراہ صفی اللہ امیری نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے 13ارکان مارے گئے۔ان میں سے ایک پولیس اہلکار تھا۔ صوبائی انتظامیہ کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی فائرنگ کے بعد فوج کے تین ارکان لاپتا ہوگئے۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس حملے میں طالبان کو بھی جانی نقصان ہوا لیکن ان کی تعداد ابھی تک واضح نہیں ہے۔
افغان طالبان

مزید :

علاقائی -