پی سی بی کا سابق ٹیسٹ کرکٹرمحمد مناف کی وفات پر اظہار افسوس

    پی سی بی کا سابق ٹیسٹ کرکٹرمحمد مناف کی وفات پر اظہار افسوس

  



لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد مناف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر گذشتہ روز 84 سال کی عمر میں ایمسٹرڈیم میں انتقال کرگئے تھے۔ محمد مناف نے نومبر 1959میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے کل 4ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر نے 71فرسٹ کلاس میچوں میں 180 وکٹیں حاصل کیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے سندھ، کراچی اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی نمائندگی کی تھی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی سی بی محمد مناف کی وفات پرافسوس کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کا شمار ان چند کرکٹرز میں ہوتا تھا جنہوں نے پاکستان کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی پہچان بنائی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس مشکل گھڑی میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ اور دوستوں سے تعزیت کرتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی