بگ بیش لیگ، حارث رؤف ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل

  بگ بیش لیگ، حارث رؤف ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل

  



  

سڈنی(آئی این پی) لاہور قلندرز کی دریافت مایہ ناز تیز گیند باز حارث روف کو آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔آسٹریلیا کی معروف کرکٹ ویب سائٹ نے 56میچوں کے بعد بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے والی پانچ ٹیموں میں سے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا انتخاب کیا ہے۔بگ بیش لیگ کے قوائد و ضوابط کے مطابق ٹیم میں دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ضروری ہے۔ٹیم میں ملیبرن اسٹارکے مارکس اسٹونیس شامل ہیں جنہوں نے 14میچوں میں 134کی اسٹرائک ریٹ اور60کی اوسط سے 607رنز بنائے ہیں۔ہوبارٹ ہریکین کے میتھیو ویڈ کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے، انہوں نے 8 میچوں میں 173 کی اسٹرائک ریٹ اور 56کی اوسط سے 337رنز جوڑے ہیں۔پرتھ اسکاچرزکے جوش انگلیش نے 14میچوں کے 405 رنز بنائے ان کا کسی بھی میچ میں زیادہ سے زیادہ اسکور 73رنز رہا جبکہ ان کی اوسط 28 رنز رہی۔جارح مزاج بلے باز گلین میکس ویل کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے 14میچوں میں 46کی اوسط اور 156کے اسٹرائک ریٹ سے 373 رنز بنائے ہیں۔ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے جوناتھن ویلز نے 444 رنز بنائے ہیں جن میں 4 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔پرتھ اسکاچرزکے مچل مارش نے 14میچ کھیل کر 382 رنز بنائے ہیں اور 9 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں، ان کے رنز بنانے کی اوسط 34 ہے۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے فن کا لوہا منوانے والے افغانستان کے راشد خان نے بھی اس سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور وہ اس ٹیم میں شامل ہیں۔ڈینیل سیمز نے سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 14 میچز کھیلے اور 25 وکٹیں حاصل کی ہیں۔پیٹرسیڈل نے ایڈیلیڈ اسٹائکرز کی جانب سے بہترین گیند بازی کی اور انہوں نے 13 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔نیتھن ایلز نے بگ بیش کی رواں سیزن میں اپنی بہترین گیند بازی سے شائقین کو اپنا مداح بنا لیا ہے، انہوں نے 14 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔لاہورقلندرز کی دریافت اور بگ بیش میں پہلی مرتبہ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی حارث رف نے آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کو حیران کر دیا ہے۔انہوں نے محض 7میچوں میں 11کی اوسط سے 16کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے جس میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی