اپوزیشن جماعتیں کرپشن کے الزامات کا جواب دیں،عمران سلیمی

اپوزیشن جماعتیں کرپشن کے الزامات کا جواب دیں،عمران سلیمی

  



لاہور (پ و) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما چوہدری عمران سلیمی نے کہا ہے کہ پوری قوم وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان پر غیر متزلزل اعتماد رکھتی ہے اپوزیشن جماعتیں حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے خود پر لگے کرپشن کے الزامات کا جواب دیں،سال 2020 عوام کی خوشحالی اور ترقی کا سال ہو گا، حکومت کی بھرپور کوشش ہوگی کہ معاشی استحکام کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں حکومت کا ایجنڈا اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مشکل ترین مالی حالات کے باوجود حکومتی کوششوں کے نتیجے میں معیشت کو استحکام ملنے کے ساتھ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے،حکومتی کوششوں کے نتیجے میں اقتصادی اعشاریوں میں آنے والی بہتری کا اعتراف ورلڈ بنک سمیت بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے، موجودہ حکومت معاشی ترقی کی خاطر جو اقداما ت اٹھا رہی ہے اس کے ثمرات میسر آرہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی قوم کی خدمت کرتی رہے گی,عام آدمی کے مسائل کے حوالے سے آسانیاں پیدا ہوں گی اور مہنگائی کے ہاتھوں پسے غریب عوام کو ریلیف ملے گا، تحریک انصاف پوری ذمہ داری سے عوام کی خدمت کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4