جب وزیراعظم کا گزارہ نہیں ہوتا تو 15ہزار والے کا کیا بنے گا،اشرف بھٹی

    جب وزیراعظم کا گزارہ نہیں ہوتا تو 15ہزار والے کا کیا بنے گا،اشرف بھٹی

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ جس ملک کے وزیر اعظم کا دو لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر گزارہ نہ ہو رہا ہو تو وہاں پر سوچیں کہ جس مزدور کی حکومت نے خود زیادہ سے زیادہ تنخواہ پندرہ ہزار روپے لگائی ہو وہ کس طرح سے اپنا گزارہ کرتا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مزدور کسان سرکاری ملازمین حتی ٰکہ کاروباری طبقہ بھی مہنگائی کی وجہ سے اس قدر پریشان ہے کہ اس کا روز مرہ کا گذارہ کرنا مشکل ہو چکا ہے۔

مگر ان سب باتوں سے بے نیاز ہو کر وزیراعظم ایک ہی رٹ لگائے بیٹھے ہیں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جب آپکا اپنا گذارہ نہیں ہو رہا ہے تو پھر عام آدمی کے کیا حالات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت تواس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے مگر اس طرف حکومت کی کوئی توجہ ہی نہیں ہے اور اگر حکومت نے اس طرف کوئی توجہ نہ دی تو پھر عوام خود بخود ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4