فوک گائیکی کے شعبہ میں ہم منفرد مقام رکھتے ہیں،اطہر علی خان
لاہور (فلم رپورٹر)ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا ہے کہ فوک گائیکی کے شعبے میں ہم دنیا میں اپنا منفرد اور اعلی مقام رکھتے ہیں،پاکستان نے دنیا کو عظیم گلوکار دیئے،جو ہماری فوک موسیقی کا اثاثہ ہیں اور پاکستان کی پہچان بھی،اس لڑی میں مزید موتی پرونے کے لئے الحمرا شب وروز مصروف عمل ہے، ”الحمرا فوک گائیکی مقابلہ“ اسی کاوش کا حصہ ہے۔انھوں نے کہا کہ فوک مقابلہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا مظہر ہے،الحمرا فن کی قدر دانی میں صف اول کے ادارے کی حیثیت رکھتا ہے،اس مقابلے میں نیا ٹیلنٹ سامنے آنا خوش آئند ہے،ہماری نوجوان نسل معیاری موسیقی میں کا میابی سے قدم جما رہی ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے فوک موسیقی کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی کی اس صنف میں ہماری ان اقدار کا احاطہ کیا جا تا ہے جن کا براہ راست تعلق ہماری سماجی او رثقافتی زندگی سے ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ موسیقی کی یہ قسم ہمیں دل و جان سے بے حد پسند ہے، اس کے فروغ کے لئے الحمرا پہلے کی طرح آئندہ بھی پروگرام ترتیب دیتا رہے گا۔ممبر پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عظیم گلوکاروں نے بین الاقومی سطح پر نہ صرف موسیقی کی دنیا کو متاثر کیا بلکہ اس پراپنے انمٹ نقوش بھی چھوڑے جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گی جس سے آنے والی نسلیں مستفید ہوتی رہیں گی۔اس موقع پر انھوں نے ”الحمرا فوک گائیکی مقابلہ“ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور انکے روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔