معیاری کام کی وجہ سے عوام میں مقبولیت حاصل کی، گلوکارعلی ظفر

  معیاری کام کی وجہ سے عوام میں مقبولیت حاصل کی، گلوکارعلی ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(فلم رپورٹر)گلوکار و اداکارعلی ظفر نے اپنے چاہنے والوں کو موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے کے سفر کے بارے میں بتادیا۔گلوکار و اداکار علی ظفر نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ کبھی کبھی یہ سفر ہی آپ کو اپنی منزل کے بارے میں بہت کچھ سکھاتا ہے۔ویڈیو میں علی ظفر نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے کے حوالے سے بتایا کہ میں نے اپنے والد سے کہا کہ میں گانا گانا چاہتا ہوں، سی ایس پی آفیسر بننے سے کیا ہوگا؟ تو میرے والد نے کہا کہ دیکھو جب تم سی ایس پی آفیسر بنو گے تو تمہارے آگے پیچھے گاڑی ہوگی، لوگ تمہیں سلیوٹ ماریں گے، تو میں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے میری پوسٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ میرے کام کی وجہ سے مجھے سلیوٹ کریں علی ظفر نے مزید کہا کہ یہ احساس میرے اندر 16 سال کی عمر میں کیسے تھا یہ مجھے نہیں پتا لیکن یہ تھا اور مجھے یہ یقین تھا کہ میں ایک دن بہت بڑا سٹار بنوں گا، اس وقت میں صرف ایک سٹار بننا چاہتا تھا اور گانا گانا چاہتا تھا۔راک سٹار نے ویڈیو میں کہا کہ میرا ایک بہت بڑا خواب تھا کہ میں سٹیج پر جا کر گانا گاؤں اور وہاں موجود ہزاروں لوگ میرے ساتھ مل کر میرے گانے گائیں۔
علی ظفر نے اپنے پہلے کانسرٹ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے اپنا پہلا گانا گایا تو سب میرے ساتھ مل کر ’چھنو کی آنکھوں میں ایک نشا ہے‘ مل کر گا رہے تھے۔گلوگار کاکہنا تھاکہ اب یہ سب کرتے ہوئے مجھے 10 سال ہوگئے ہیں،، اب میں آپ کو اتنا بتا سکتا ہوں کہ آپ سب میں سے ہر ایک انسان خاص ہے، آپ عام نہیں ہو، آپ کو صرف یہ کرنا ہے کہ اپنے اندر جھانک کر دیکھو کہ میں کون ہوں۔

مزید :

کلچر -