کراچی کی بہتری کیلئے جو کام کرے گا اسے خوش آمدید کہیں گے،سید ناصر شاہ

کراچی کی بہتری کیلئے جو کام کرے گا اسے خوش آمدید کہیں گے،سید ناصر شاہ

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات وجنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی بہتری کے لئے پی ٹی آئی سمیت جو بھی کام کرے گا اسے خوش آمدید کہیں گے،ملکی ترقی میں کراچی کا اہم کردار ہے،وزیر اعظم عمران خان ہمارے بھی وزیراعظم ہیں،انہوں نے جو 162 ارب روپے کا کراچی کے لئے اعلان کیا تھا اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا ہے،اس بارے میں ہم یاد دہانی کراتے ہیں رہیں گے،وہ مقامی ہوٹل میں روٹری کلب آف پلاٹنئیم کراچی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے،اس موقع پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ظفر احسن،ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار،صدر روٹری کلب رضوان آدھیا اور سیکریٹری نورین خان نے بھی اظہار خیال کیا،تقریب میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ سمیت ظفر احسن،وزیرعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی شہزا میمن ودیگر کو اجرک چادر،گلدستہ اور شیلڈ پیش کی گئیں،ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم شہر کو اضافی پانی کی فراہمی،صفائی ستھرائی اور کچرا ٹھانے جیسے ایشو پر ہنگامی بنیاد پر کام کررہی ہے،گزشتہ دنوں شہر کو 100 ایم جی ڈی کے اضافی پانی کے منصوبے کا چئیرمین بلاول بھٹو نے افتتاح کیا ہے،شہر کو پانی کی اشد ضرورت ہے،سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتے ہیں،کراچی میں ڈاکٹر فاروق ستار سمیت نعمت اللہ خان،مصطفی کمال اور وسیم اختر نے کام کیا ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے 2030 تک ماسٹر پلان اتھارٹی قائم کی جارہی ہے،جس پر سب کو ٓان بورڈ لیں گے،اس سلسلے میں ایس بی سی اے کی گورننگ باڈی میں مئیر کراچی کو بھی شامل کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں عوام کے جائز کاموں میں رکاوٹ ڈالنے والے افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے روٹری کلب پر زور دیا کہ وہ جس پارک،اسکول یا گراؤنڈ کو لینا چاہتے ہیں حکومت سے رابطہ کریں،حکومت ہر ممکن تعاون کریگی،لوگوں کو تفریحی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ملیر اور یاری ندی کے کناروں کو خوبصورت بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ شہر میں چھاتی کے کینسر جیسے موضی مرض سے نمٹنے کے لئے سول اسپتال میں جدید شعبہ قائم کیا گیا ہے،جہاں 50 تا60 لاکھ کا علاج مفت کیا جاتا ہے،اس سلسلے میں ہم شوکت خانم ہسپتال سے آگے ہیں،جبکہ گمبٹ میں ٹرانسپلانٹ کا جدید ھسپتال بنایا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کی گرانٹ کو 70 کروڑ روپے سے بڑھا کر 12 ارب روپے کردیا گیا ہے،یہاں پورے ملک سے لوگ علاج کے لئے آتے ہیں،اس کے علاوہ نجی شعبے کے تحت چلنے والے انڈس ھسپتال کو بھی بھاری رقم فراہم کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ روٹری کلب کی جانب سے عوام کی بھلائی کے لئے جو بھی کام کئے جارہے ہیں سندھ حکومت اس میں حصہ ڈالے گی،ظفر احسن نے کہا کہ بہت پہلے روٹری کلب میں آنا چاہئیے تھا،کلب کی جانب سے عوامی خدمات کے کام قابل ستائش ہے،کلب کے صدر رضوان آدھیا نے کہا کہ روٹری کلب موجودہ وقت میں دنیاکے 210 ممالک میں کام کررہا ہے،اس کے ممبران کی تقریبا 12 لاکھ ہے،انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم شہر کی بہتری کے لئے اسکول،پارکس اور گراؤنڈ کو حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے،ان چیزوں کو ترقی دیکر عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جاسکتاہے،تقریب کے اختتام پر کلب کی جنرل سیکریٹری نورین خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : صفحہ اول