یو سی پی کے طلبہ و طالبات کا دورہ ”پاکستان“

یو سی پی کے طلبہ و طالبات کا دورہ ”پاکستان“

  



میڈیا کلب کے زیر اہتمام دوروزہ میڈیا فیسٹیول

یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیاں عروج پر ہیں، یہ اس ادارے کا طرہ امتیاز بھی رہا ہے کہ اس کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت اور طلبہ و طالبات کی ذہنی نشوونما کے لئے دن رات کوشاں رہتے ہیں۔آج کل یو سی پی کے مختلف شعبہ جات میں فائنل ٹرم کے امتحانات شروع ہونے والے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں یونیورسٹی میں بڑے پیمانے پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔”یوسی پی میڈیا فیسٹیول“کے عنوان سے دو روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔فیکلٹی آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر تیمور الحسن اور پیٹر ن میڈیا کلب محمد عرفان علی کی مشترکہ کاوش سیمنعقد ہونے والے میڈیا فیسٹیول میں صحافت اور شوبز سے منسلک مشہور و معروف شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں 11مختلف مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ پہلے روز سات مقابلوں کا انعقاد ہوا جن میں ٹائپنگ،فیچر رائٹنگ،سیلفی رپورٹنگ،پرومو فکسچر، پرنٹ ایڈ،پوڈ کاسٹ اور ڈب اٹ کے مقابلے ہوئے۔ معروف براڈکاسٹر ریحان اظہر،یوسی پی ایف ایم ریڈیوکی سربراہ حنا ادیب،معروف اینکرپرسن نیلم اسلم، فہد شہباز اور پروڈیوسر ندیم زعیم بھی شامل تھے۔اس کے علا وہ ڈب اٹ میں جج کے فرائض سر انجام دینے کے لئے مشہور ٹک ٹاکر حارث علی کو مدعو کیا گیا۔ میڈیا فیسٹیول کے دوسرے روز کی تقریب یونیورسٹی کے مین آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی،جس میں مشہور ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید اوردہائیوں سے شعبہ تدریس سے وابستہ معروف شخصیت پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا۔

مشہور ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلمسازی ایک مشکل اور تخلیقی کام ہے،تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد ہی یہ کام بہتر طریقے سے سر انجام دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سینما نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث فلم انڈسٹر ی زوال کا شکار ہے۔

ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونی کیشن ا سٹڈیز ڈاکٹر تیمور الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم محض تفریح کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے ایک موثر ہتھیار بھی ہے۔طلباو طالبات کی جانب سے پیش کی جانے والی شارٹ فلمز اور وی لاگز کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر تیمورالحسن نے کہا کہ ایسے مقابلوں کا نعقاد طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے معاون ثابت ہوتا ہے۔تقریب میں نئے سال کے موقع پر یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے طالب علم اور نوجوان گلوکار رانا فوادعلی نے موسیقی کے سر بکھیرے اور شرکاء کو اپنی آواز سے محظوظ کیا۔

تقریب کے اختتام پر مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباواطالبات کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور جیتنے والے طالباو طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔فلم کے مقابلوں میں احمد مرتضیٰ جبکہ وی لاگ میں علی طلحہ کامیاب رہے،فیچر نگاری میں زین علی اور سیلفی رپورٹنگ میں حشام امجد، ٹائپنگ میں ارقم خان اور ڈب اٹ میں محدث بٹ سر فہرست رہے۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے اور انھیں پانچ ہزار روپے نقد بھی دئیے گئے۔

یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ ایس ایم سی ایس کے سٹوڈنٹس نے اپنے فائنل پراجیکٹس اور تربیتی امور کے سلسلے میں مختلف میڈیا ہاؤسز کے دورے شروع کر رکھے ہیں۔ اس سلسلے میں یوسی پی کے سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے ایم ایس سی کے طلبہ و طالبات نے گزشتہ روز روزنامہ پاکستان کے دفاتر کا دورہ کیا۔انہوں نے اخبار کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور اخبار کی تیاری کے مختلف مراحل میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ماس کمیونیکیشن کے سٹوڈنٹس کے گروپ نے روزنامہ پاکستان کے گروپ ایڈیٹر ایثار رانا،ڈائریکٹر مارکیٹنگ عتیق الزمان بٹ،نیوز ایڈیٹرمیاں ہارون رشید سے ملاقات کی اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہی بھی حاصل کی۔ جوائنٹ ایڈیٹر نعیم مصطفےٰ نے طلبہ و طالبات کو روزنامہ پاکستان کے آغاز سے تاحال تاریخ کے بارے بریفنگ دی اور مختلف مراحل کے بارے میں بتایا۔ایس ایم سی ایس کے سی آر عمر شجاع بٹ کے ساتھ روزنامہ پاکستان کا دورہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں فاطمہ منصور، صبا نور،وردا سیف، محمد زین، حرا شفیق، ارسلان سندھو،مزمل عمران،مرتضیٰ ارشد، زرناب شاہین، حنا مجید، ایشم فاطمہ، اقراء شہباز، فلک شہباز، فاطمہ ثاقب، شیزا ظہیر،منیب احمد،تیمور احمد، حافظ علی، بزل اسلام،ثمن منور،رانا امجد،،محمد حمزہ، حسین حیدر، مائرہ عامر، مریم امتیاز، سید اجلال، طارق عزیز،عمیر اکبر،حافظ حسن سمیت دیگر شامل ہیں۔

٭٭٭

مزید : ایڈیشن 1