” رانا ثناءاللہ گٹر سے نکلے ہیں “ وزیراعظم کے بیان پر بلاآخر رانا ثناءاللہ نے بھی جواب دیدیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کا کچھ دن قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان وائرل ہو ا جس میں انہوں نے ن لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ” ان جیسے لوگ گٹر سے نکلے ہوئے کرمنلز ہیں “ جس پر اب رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ نے بھی جواب جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا ٹیم کے کارکنوں سے ملاقات کے دوران رانا ثناءاللہ نے عمران خان کے بیان پر رد عمل ظاہر کیا جس کی ویڈیو ٹویٹر پر وائرل ہو گئی ہے ، راناثناءاللہ نے سوشل میڈیا ٹیم کو گالی کا جواب گالی سے نہ دینے اور کارکردگی پر بات کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جو میرے متعلق بات کی تھی ،آپ یقین کریں کہ میں بطور رانا ثناءاللہ اگرجواب دیتا تو جواب بڑا زبردست ہوتا لیکن میں نے بطور رانا ثناءاللہ جواب نہیں دیا بلکہ میں نے بطور صدر ن لیگ پنجاب جواب دیا ہے ، میں نے جب جواب خود سنا تو مجھے لگا نہیں کہ یہ بات میں کر رہاہوں ۔
ان کا کہناتھا کہ ہمیں اس بات کو عملی طور پر اپنے اوپر لاگو کرنا ہے کہ ہم نے ان کے ساتھ کسی بھی ذاتی معاملے یا کوئی بھی گالی کا جواب اس طرح نہیں دینا ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریسرچ بیسڈ پروگرام بنائیں اور ہم اس طرح سے ان کو مجبور کر دیں گے ۔ ان کا کہناتھا کہ دیکھیں کہ جس پروگرام میں یہ بیٹھ کر نصیحت کر رہے ہوتے ہیں اور اسی پروگرام میں یہ بھی کہہ رہے ہوتے ہیں کہ بخشنا نہیں ہے پڑ جاﺅ ان کو ، بھئی ایک آدمی اس لیول پر بیٹھ کر یہ بات کرے گا ، توجو نوجوان بیٹھا ہے ان کے خیالات اس سے زیادہ ہی تیز ہوں گے ، اس میں کوئی بیلنس نہیں آ سکتا ۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ” ہمارے سوشل میڈیا سے یہ لوگ ڈرتے تھے ، جب یہ کوئی بھی چیز کراس کرتے تو ہمارے سوشل میڈیا کے لوگ انہیں پکڑ لیتے تھے ، رانا ثناءاللہ جیسے لوگ جو گٹر سے اٹھے ہوئے کرمنلز ہیں، قاتل ہیں ، ان کی پارٹی والے کہتے ہیں اس نے 18 قتل کیے ہیں ، اس پر بھی بحث ہو سکتی ہے زیادہ ہی کیے ہوں گے ۔“
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے پر شہبازشریف نے اس کی مذمت کی اور لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بارے میں اتنا کہناہے کہ ان کی جو ویڈیو سوشل میڈیا پر چلی اور جو راناثناءاللہ کے بارے میں انہوں نے گفتگو کی وہ انتہائی تضحیک آمیز تھی ، انہوں نے انتہائی گری ہوئی باتیں کیں ،رانا ثناءاللہ ایک عزت دار پاکستانی ہیں ، وہ ہماری پارٹی کے پنجاب کے صدر ہیں ، عمران خان کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور ایسی گفتگو کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے ۔