زندگی بنانے کے لیے پاکستان سے دبئی جانے والا نوجوان اب پوری زندگی جیل میں گزارے گا

زندگی بنانے کے لیے پاکستان سے دبئی جانے والا نوجوان اب پوری زندگی جیل میں ...
زندگی بنانے کے لیے پاکستان سے دبئی جانے والا نوجوان اب پوری زندگی جیل میں گزارے گا

  



دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں ایک گھر سے چوری کے دوران گھر کی ملازمہ کو قتل کرنے والے پاکستانی نوجوان کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔ گلف نیوز کے مطابق اس 22سالہ نوجوان کو اس کے کفیل نے ورک ویزے پر متحدہ عرب امارات بلایا تھا۔ کچھ عرصہ بعد مالک نے اسے ایک ماہ کے لیے اپنے بنگلے میں بلالیا۔ وہاں کام کے دوران اس کا اپنے مالک کے ساتھ جھگڑا ہو گیا اور مالک نے اسے نوکری سے نکال دیا۔

نوکری سے نکالے جانے کے بعد تین ماہ تک یہ نوجوان بے روزگار پھرتا رہا اور پھر ایک روز اپنے اسی مالک کے بنگلے میں چوری کی نیت سے گھس گیا۔ یہ مارچ 2019ءکا واقعہ ہے۔ اس نے بنگلے سے کچھ قیمتی چیزیں اٹھائیں۔ ابھی وہ مزید چیزوں کی تلاش میں تھا کہ گھر کی فلپائنی ملازمہ کمرے میں آ گئی اور اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ ملازمہ نے اس چور کو دیکھ کر شور مچانے کی کوشش کی اور چور نے ایک لوہے کی راڈ اٹھا کر چار بار ملازمہ کے سر میں دے ماری جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اب اسے عمر قید کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔ سزا پوری ہونے پر اسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔

مزید : عرب دنیا