آلودگی پھیلانے والی پانچ صنعتیں سربمہر جبکہ دو کے مقدمات عدالت بھیج دئیے:بیرسٹر مرتضی وہاب

آلودگی پھیلانے والی پانچ صنعتیں سربمہر جبکہ دو کے مقدمات عدالت بھیج ...
آلودگی پھیلانے والی پانچ صنعتیں سربمہر جبکہ دو کے مقدمات عدالت بھیج دئیے:بیرسٹر مرتضی وہاب

  



کراچی (این این آئی)وزیر اعلی سندھ کے مشیر  بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایات پرادارہ تحفظ ماحولیات کی ٹیم نے کورنگی صنعتی ایریا کی آلودگی پھیلانے والی پانچ صنعتیں سربمہر(سیل)کردیں جبکہ آلودگی پھیلانے والی دو کمپنیوں کے مقدمات قانونی کارروائی کے لیے عدالت بھیج دئیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جینا ڈائنگ، حامد ڈائنگ اور ابرار ڈائنگ نامی کمپنیوں کو آلودہ پانی ٹریٹ کیے بغیر بہانے کی پاداش میں سیل کیا گیا جبکہ تھرمولائن کمپنی کو فضائی آلودگی پھیلانے اور بابا شاپ نامی کمپنی کو آلودگی پھیلانے والا جنریٹر استعمال کرنے پر سربمہر کیا گیا۔علاوہ ازیں صنعتی کچرہ جلانے کے ماحولیاتی جرم میں انڈس پرنٹنگ پریس اور شاہ پور ایپرل کے مقدمات جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت بھیج دئیے گئے تاکہ سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحولیات پر عمل نہ کرنے پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکے۔

اس حوالے سے مشیر ماحولیات مرتضی وہاب نے کہا کہ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں گی کیونکہ آلودگی کے نقصانات بھی بلا تفریق سب کو یکساں بھگتنے ہوتے ہیں، اس لیے تجارتی و ترقیاتی اداروں کو چاہئے کہ ماحولیاتی قوانین پر عمل کریں تاکہ ماحول کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر صوبے میں اقتصادی و صنعتی ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی