صوبائی کابینہ نے پنجاب سٹیمپ رولز 1934 میں ترامیم کی منظوری دے دی، گندم کے وافرذخائر موجود ہیں،صوبے میں کوئی بحران نہیں :عثمان بزدار

صوبائی کابینہ نے پنجاب سٹیمپ رولز 1934 میں ترامیم کی منظوری دے دی، گندم کے ...
صوبائی کابینہ نے پنجاب سٹیمپ رولز 1934 میں ترامیم کی منظوری دے دی، گندم کے وافرذخائر موجود ہیں،صوبے میں کوئی بحران نہیں :عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 24 واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب سٹیمپ رولز 1934 میں ترامیم کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی کابینہ نے پنجاب سٹیمپ رولز 1934 میں ترامیم کی منظوری دے دی،جس کے تحت سٹیمپ وینڈرزکا مکمل ڈیٹا آٹومیشن ہو گا اور سٹیمپ وینڈرز کوکم مالیت کے سٹیمپ پیپرزکی خرید و فروخت کیلئے سمارٹ کارڈ دیا جائے گا،اجلاس میں پنجاب الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے رولز 2019 کی منظوری دی گئی اور پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 کے سیکنڈ شیڈول میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبائی کابینہ نےپنجاب سیلزٹیکس آن سروسز ایکٹ2012 کےسیکنڈ شیڈول میں ترمیم کی منظوری دی،اس ترمیم سے تعمیراتی صنعت کو سہولت ملے گی ، پنجاب کابینہ نے کینسر کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے دوا ساز کمپنی نوارٹس سے مفاہمت کی یادداشت میں جون 2020 تک توسیع کا فیصلہ کیا جبکہ نوارٹس سے دوسری مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے ٹرم آف ریفرنس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  دوسری مفاہمتی یادداشت کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ہر پہلو سے جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں پروبیشن آف اوفینڈرز (Offenders) آرڈیننس 1960 اور پروبیشن آف اوفینڈرز رولز 1961 میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ پولیس ڈاگ بریڈنگ سینٹر اینڈ ٹریننگ سکول سپیشل برانچ پنجاب، لاہور کے پرنسپل کے عہدے کیلئے پنجاب پولیس سپیشل برانچ ٹیکنیکل کیڈر سروس رولز 2016 میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے پنجاب انوائرمینٹل ٹریبونل لاہور کے چیئرپرسن کے عہدے پرجسٹس سید افتخار حسین شاہ کی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ انجمن ناشران قرآن مجید اردو بازار لاہور کے صدر کے عہدے کیلئے کاشف اقبال کے نام کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں قرآن کریم کے شہید اوراق کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کیلئے ڈسپوزل پلانٹ  کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اورپنجاب کابینہ نے مدینہ فاؤنڈیشن کو ڈسپوزل پلانٹ لگانے کی منظوری  دی۔اجلاس میں دی پنجاب ڈرگ اینڈ کاسمیٹکس ترمیمی ایکٹ 2019 کی منظوری دی گئی جبکہ ری پروڈیکٹو مٹرنل، نیونیٹل،چلڈرن ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کی لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر سٹاف کی ریگولرائزیشن کیلئے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے اس پروگرام کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرزاور دیگر سٹاف کیلئے ڈائینگ کیڈرکی شرط ختم کرنے کی منظوری دی۔ایل ڈی اے لینڈ یوز ریگولیشن اوریونیورسٹی آف واہ ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ سپیشل اکنامک زونز میں گیس کی فراہمی کیلئے ضروری اموراورسماجی ذمہ داری کے معاہدے (سوشل رسپانسبیلٹی ایگریمنٹ)کے تحت ٹرسٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں قلعہ ستار شاہ، ونڈالہ ناصر اور چوہیانوالی کلاں پٹوار سرکل کو تحصیل مریدکے سے تحصیل فیروزالہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پنجاب کابینہ نے قلعہ ستار شاہ، ونڈالہ ناصر اور چوہیانوالی کلاں پٹوار سرکل کو تحصیل مریدکے سے تحصیل فیروزوالہ منتقل کرنے کی منظوری  دی۔

ضلع چکوال کے گاؤں دروٹ کو تحصیل تلہ گنگ میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشنز پنجاب کے آڈٹ برائے مالی سال 2018-19 کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ کی منظوری دی گئی جبکہلینڈ ایکوزیشن ایکٹ کی شق 43-A کے تحت قائداعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کو پراجیکٹ لینڈ مورگیج کی اجازت دینے کا فیصلہ موخرکرتے ہوئے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو بزنس کو تمام امورکا جائزہ لیکر حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے23 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی جبکہ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈڈویلپمنٹ کے 21 ویں اور 22 ویں اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔پنجاب کابینہ نے ٹڈی دل کے حملے سے بچاؤ، ضروری اقدامات اور مشینری کی خریداری کے لئے 50 کروڑ روپے فی الفور جاری کرنے کی منظوری دی۔

وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ فصلوں کو بچانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور متعلقہ محکمے ہنگامی حالات کو مد نظر رکھ کر کام کریں،پنجاب میں آٹے یا گندم کا کوئی بحران نہیں ، پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافرذخائر موجود ہیں ،ہم خیبر پختونخوا کو بھی گندم دے رہے ہیں ،صوبے کی عوام کی خدمت کا سفر مل کر مزید تیز کریں گے ،ہماری نیت نیک اور سمت صحیح ہے ۔کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹڈی دل کا حملہ 27 برس بعد ہوا ہے،متعلقہ محکمے اور انتظامیہ ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کے لئے ہمہ وقت چوکس ہیں ، پنجاب میں گندم کے وافرسٹاک موجود ہے -پنجاب کابینہ کو ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور گندم کے ذخائر اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔