پرتگالی فٹبال کوچز کو لیاری میں کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے دعوت دینے کا فیصلہ

پرتگالی فٹبال کوچز کو لیاری میں کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے دعوت دینے کا فیصلہ
 پرتگالی فٹبال کوچز کو لیاری میں کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے دعوت دینے کا فیصلہ

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پرتگال کے سفیر پولو نیوس پوکنو  سے ملاقات دوران لیاری کے فٹبال کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ تربیت دینے کیلئے پرتگالی فٹبال کوچز کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پرتگال کے سفیر پولو نیوس پوکنو نے سید مراد علی شاہ سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی اور ان سے فٹبال، قابل تجدید توانائی اور شعبہ تعلیم کے پروگرامز سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لیاری کے بچوں کو فٹبال کا شوق ہے جنکے پاس اچھی ٹیمیں بھی ہیں لیکن میں چاہتا ہوں کہ انھیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ پروفیشنل عالمی میچز کھیل سکیں۔ دورہ پر آئے سفیرنے فٹبال کوچز کو کراچی بلانے پر اتفاق کیا۔ سندھ کے محکمہ کھیل کو پرتگالی کوچز کو باضابطہ دعوت دینے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ اجلاس میں دونوں نے طلبا کیلیے مختلف گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹ کورسز پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ یونیورسٹی اینڈ بورڈز کو سفیر کے ساتھ ہم آہنگی کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس پر باہمی مشاورت سے عملدرآمد ہوسکے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پرتگال میں قابل تجدید توانائی پیدا کرنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی موجود ہے،سندھ میں ونڈ کوریڈور بہت وسیع ہے جو 50 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن اب تک ہم صرف 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے انخلا کا مسئلہ تھا جس کیلئے انکی حکومت نے گرڈ کمپنی تشکیل دی ہے۔ سفیر نے کہا کہ پرتگال کی کمپنیاں سندھ حکومت کے ساتھ قابل تجدید توانائی، ہوا اور شمسی توانائی کی پیداوار کے کام کو کرنا پسند کریں گی لہذا محکمہ سرمایہ کاری اور محکمہ توانائی کو سفیر کے ساتھ ہم آہنگی کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے پرتگال کے سفیر کو اپنی شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔

مزید : کھیل