پنجاب آرٹ گیلری میں مصور ڈاکٹر اعجاز انور کے فن پارو ں کی نمائش

پنجاب آرٹ گیلری میں مصور ڈاکٹر اعجاز انور کے فن پارو ں کی نمائش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر، محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کے زیر انتظام قائم کردہ پنجاب آرٹ گیلری کے افتتاح کے موقع پر نامور مصور ڈاکٹر اعجاز انور کے فن پاروں کی نمائش ”میرا سوہنا شہر لاہور“ کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ گیلری اور نمائش کا افتتاح خیال احمد کاسترو صوبائی وزیر ثقافت پنجاب نے کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر اعجاز انور کے کام کو بے حد سراہا اور کہا کہ کرونا کے باعث ثقافتی سرگرمیوں میں جو تعطل آیا تھا اسے پھر سے بحال کیا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب فن و ثقافت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں تمام ثقافتی ادارے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب آرٹ گیلری کے قیام، اس کی نمائشوں کے لئے مصوروں کو مفت دستیابی اور پِلاک کی طرف سے نمائشوں کے انعقاد کو بے حد سراہا اور عندیہ دیا کہ حکومت پنجاب مصوروں اور فنکاروں کے لئے اس طرح کی سہولیات بہم پہنچانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔
۔ اس موقع پر ڈاکٹر صغرا صدف، ڈائریکٹر جنرل پلاک نے کہا کہ یہ آرٹ گیلری نوجوان مصوروں کو نمائش کے لیے عمدہ سہولیات مہیا کرے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اعجاز انور نے اپنے فن پاروں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ ڈاکٹر اعجاز انور مصور لاہور کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ بطور ڈائریکٹر آرٹ گیلری، نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے)، لاہور خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کے فن پاروں کا مرکزی موضوع لاہور کی پرانی عمارتیں ہیں۔ انھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی 1997ء میں عطا کیا گیا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کی جانب سے آرٹ کے میدان میں ان کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں 2018ء میں ”پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ“ سے بھی نوازا۔ تقریب میں ڈائریکٹر پِلاک محمد عاصم چودھری سمیت فن و ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پِلاک کی طرف سے پنجاب آرٹ گیلری کے قیام اور نمائشوں کے سلسلے کی بھرپور تعریف کی۔

مزید :

کلچر -