ڈونرزکے وفد کا گلشن معمارمیں ”الخدمت آغوش ہوم“کا دورہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے تحت یتیم بچوں کیلئے گلشن معمار میں تعمیر”آغوش ہوم“ کا ڈونرز اوران کی فیملیز نے دورہ کیا، جبکہ متعدد ڈونر کی جانب سے ”آغوش ہوم“ کیلئے عطیات کا بھی اعلان کیاگیاہے۔دورے کے دوران سینئر منیجر ریسورس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل اورالخدمت آغوش کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔عنایت اللہ اسماعیل نے شرکا کو”آغوش ہوم“کی تعمیر اور اس کے مقاصد اور الخدمت کی دیگر خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتا یا کہ”الخدمت آغوش ہوم“100 یتیم بچوں کیلئے تعمیر کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پراس میں 50بچوں کی کفالت کی جائے گی۔ان یتیم بچوں کیلئے 6سے 8سال کی عمر کا تعین کیا گیا ہے۔ان بچوں کی انٹر تک رہائش، تعلیم،خوراک اورصحت کی ذمہ داری الخدمت کی ہوگی۔ ”آغوش ہوم“میں اسکول،مسجداورمدرسہ بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں دینی واخلاقی لحاظ سے بچوں کی تربیت کی جائے گی اوربچوں کو تفریح کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔عنایت اللہ اسماعیل نے کہا کہ الخدمت آغوش ہوم میں ان بچوں کو گھر جیسا ماحول فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔دورہ کرنے والوں میں سندھ ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) ظفراحمد خان شیروانی،پروفیسر حکیم بیگ چغتائی سابق پرنسپل ڈی جے سائنس کالج،عبد الھادی سابق چیف کیمسٹ،کا لٹیکس آئل پاکستان،مسز مصعب خالدڈی فارمسسٹ،انجینئر فخرشبیربیگم وطحہٰ سلیم موجود تھے۔تمام شرکا کو آغوش ہوم کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کروایا گیا۔ معزز مہمانوں نے”آغوش ہوم“کے طرز تعمیر پر خوشی کا اظہار کیا اور الخدمت کی جانب سے مکمل کیے گئے اس منصوبے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر دورہ کرنے والے ڈونرز کے وفد نے آغوش ہوم کیلئے عطیات دینے کا بھی اعلان کیا۔عنایت اللہ اسماعیل نے ڈونرز کے جذبے کی تعریف کی اور عطیات کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔