تبدیلی اورجیالی سرکار نے جمہوریت کاوجودچھلنی کر دیا،الطاف شاہد

 تبدیلی اورجیالی سرکار نے جمہوریت کاوجودچھلنی کر دیا،الطاف شاہد

  

لاہور(پ ر)  پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ تبدیلی اورجیالی سرکار نے جمہوریت کاوجودچھلنی جبکہ جمہورکومایوس کردیا۔پاکستان میں کرپشن بڑھ جانے کے اعدادوشمار شرمناک ہیں، بلے بازوں اور تیر اندازوں نے ملک وقوم کوبدحالی اورمعاشی زبوں حالی کے سواکچھ نہیں دیا۔وفاق سے صوبوں تک ہر طرف بدحالی سے پاکستانیوں میں بددلی پیدا ہونا فطری امر ہے۔

روح کے بغیر جمہویت کا وجود ایک بے جان پتلے سے زیادہ کچھ نہیں۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ بلدیات کے منتخب اور بااختیار نمائندوں کی شراکت کے بغیر جمہوریت شہریوں کوڈیلیورنہیں کرسکتی۔چاروں صوبوں میں نظام ِ بلدیات کوبحال اورفعال کیاجائے،اس اقدام سے عوام کے بیشترمسائل مقامی سطح پرحل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مادروطن میں جمہورکومحصور اورمجبور کر نیوالی وفاقی یاسندھ کی صوبائی حکومت جمہوریت کی مضبوطی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتی۔شہرقائدؒ میں فوری طورپر منصفانہ مردم شماری کاراستہ ہموارکیاجائے ورنہ اس مجرمانہ روش سے اہلیان کراچی کے مجموعی حقوق اورترقیاتی فنڈز متاثرہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے شہروں کو ترقیاتی فنڈزآبادی کے تناسب سے ملتے ہیں لہٰذاء شہرقائدؒ کی مردم شماری میں دانستہ کی جانیوالی کمی فوری دورکرناہوگی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی نام نہاد مردم شماری پر سرکاری مہر کومسترد کرتے ہیں۔ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّدمصطفی کمال کی قیادت میں اہلیان کراچی متنازع مردم شماری کوتسلیم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کی قیادت نے پاکستانیوں کواپنے حقوق کی بازیابی کیلئے متحرک اورمستعدکردیا ہے،درست مردم شماری کے حق میں پچھلے دنوں اہلیان کراچی کی تاریخی ریلی یقینا رائیگاں نہیں جائے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -