غیر معیاری خوراک ڈلیوری کے دوران اموات کی بڑی وجہ ہے: ڈاکٹر منیر احمد غوری
لاہور(انٹرویو،شہزاد ملک)ایم ٹی آئی ایکٹ سے وہ لوگ پریشان ہو رہے ہیں جو اپنی سر کاری ڈیوٹی کی بجائے پرائیوٹ کلینک پر زیادہ ٹائم دیتے ہیں،ہم وزیر اعظم عمران خان،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے ویژن کے مطابق پاکستان بھر کے مریضوں کے لئے بہترین اقدامات کر رہے ہیں جس کے لئے تمام ہسپتالوں میں اچھی اور معیاری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔گورنمنٹ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال کے احاطے میں مدر اینڈ چائلڈ سینٹر کی کنسٹرکشن کا کام شروع ہو نے جا رہا ہے جہاں نرسنگ ہاسٹلز،نرسنگ سکولز قائم کیا جائے گاان خیالات کا اظہار ایم ایس گورنمنٹ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد غوری نے روزنامہ پاکستان کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال 45 بیڈز پر مشتمل ہے جلد ان کی تعداد 50ہو جائے گی، جبکہ یہاں صفائی کے کام کی میں ذاتی طور پر مانیٹرنگ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں،نرسوں و پیرامیڈکل سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد سے خصوصی طور پر بات کی ہے، اگر ہم خدمت خلق کے جذبے سے اس پیشہ کو اپنائیں گے تو اللہ تعالی بھی خوش ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دوران ڈیلوری اموات کی وجہ گھریلو مسائل،مناسب خوراک،تعلیمی شعور کی کمی، مکمل طور پر دیکھ بھال نا ہونے سے ہوتی ہے جس کے لئے ہمارے ادارے کام کر رہے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد ہم اس مسئلے پر قابو پا لیں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ہسپتال میں لوگوں کی سہولت کے لئے 400کے وی کا ٹرانسفارمر لگوایا ہے،ہم واسا اور کمشنر لاہور کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہاں مریضوں کے لئے تمام ادویات ہر وقت موجود ہیں