کورونا، مزید 46ہلاکتیں،1644نئے مریض رپورٹ، ویکسین کل پاکستان پہنچ جائیگی: حکومت 

    کورونا، مزید 46ہلاکتیں،1644نئے مریض رپورٹ، ویکسین کل پاکستان پہنچ جائیگی: ...

  

  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) کورونا وائرس سے مزید 46افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 11560ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 541031 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 644 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔وفاقی حکومت کا اسلام آباد میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کو فعال کرنے کا فیصلہ،انسداد کورونا مہم کے پہلے فیز کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جس کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کورونا ویکسینیشن سینٹرز کو یکم فروری سے فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اس حوالے سے ضلعی محکمہ صحت نے وفاقی اسپتالوں کی انتظامیہ کو مراسلہ بھی بھجوا دیا ہے۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ وفاقی ویکسینیشن سینٹرزمیں کام 30 جنوری تک مکمل کرنے اور 14 ویکسینیشن سینٹرزمیں مطلوبہ سہولیات 30 جنوری تک فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ جبکہ ویکسینیشن سینٹرزمیں عملہ یکم فروری کو تعینات ہوگا اور کورونا ویکسین کی دستیابی پرویکسینیشن کے پہلے فیزکا آغاز ہوجائے گا۔پارلیمانی سکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ چین نے 31 جنوری تک پاکستان کو کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسینیشن فرنٹ لائن ورکرز کی کی جائے گی اور اس کے لئے 3 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن کارکنوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہنگامی استعمال کے لئے پاکستان میں سینوفرم ویکسین کی منظوری دے دی ہے اور چین سے اس کی جلد دستیابی کی امید ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ویکسین کینز بیو اور بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی چین تیار کر رہی ہے۔

کورونا وائرس 

مزید :

صفحہ اول -