براڈ شیٹ کیس کو ”گدلا“نہیں ہونے دیں گے، قمر زماں کائرہ 

   براڈ شیٹ کیس کو ”گدلا“نہیں ہونے دیں گے، قمر زماں کائرہ 

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زماں کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں سو روز میں کرپشن کے خاتمے کی باتیں کرنے والے اب ہر معاملے پر یو ٹرن لے رہے ہیں، پاکستان کے عوام چیخ رہے ہیں، عالمی ادار ے سند دے رہے ہیں کہ ان کے دور میں کرپشن بڑھ گئی ہے، انوکھے لاڈلے کو حالات ٹھیک کرنے کے لئے بیس سال مزید چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر خیام کی رہائش گاہ نواب ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور، عثمان ملک، امجد جٹ، ڈاکٹر خیام بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زماں کائرہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا براڈ شیٹ کیس کو حکومت نے خاص رنگ دیا ہے، ہمیں توقع ہیں جسٹس (ر) عظمت سعید اس کیس سے خود ہی الگ ہوجائیں گے ورنہ عوام ا نہیں نہیں مانیں گے، آج براڈ شیٹ کو اس لئے چلارہے ہیں کیونکہ اپنے لوگ پکڑے جانے لگ گئے ہیں، ہمارے کیسز دوبارہ نکالنے ہیں تو نکال لو، فارن فنڈنگ کیس میں جب یہ پھنس گئے تو انھوں نے شور مچانا شروع کردیا، ہم براڈ شیٹ کیس کو ”گدلا“نہیں ہونے دیں گے۔ قمر زماں کائرہ کا کہنا  تھا ابھی ہم نے عدم اعتماد کا نام لیا تو اس کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے،  آج وزیر اعظم پچاس پچاس کروڑ کی گرانٹ دے رہے ہیں، یہ بچ نہیں پائیں  گے، قمر زماں کائرہ کا کہنا  تھاپی ڈی ایم رائے عامہ ہموار کرے گی جلسے جلوس کریں گے، استعفے آخری آپشن ہے۔

قمر زماں کائرہ 

مزید :

صفحہ اول -