بختاور سے محمود چودھری کا نکاح ہو گیا، آج بلاول ہاؤس بارات کا استقبال ہوگا 

بختاور سے محمود چودھری کا نکاح ہو گیا، آج بلاول ہاؤس بارات کا استقبال ہوگا 

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدرآصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور کا اپنے منگیتر محمود چودھری کیساتھ نکاح ہو گیا ہے۔بختاور بھٹو کا نکاح ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے مولانا غلام محمد سوھو نے پڑھایا۔ نکاح کی تقریب میں بھٹو، زرداری اور محمود چودھری کے خاندان کے افراد شریک ہوئے۔اس موقع پر بلاول ہاؤس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔خیال رہے کہ 24 جنوری سے بلاول ہاؤس میں محفل میلاد کے ساتھ شادی کی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔ بختاور بھٹو کی مہندی کی سادہ اور پروقار تقریب بھی بلاول ہاؤس میں ہوئی جہاں انہوں نے اجرک کے ڈیزائن کی خوبصورت مہندی اپنے ہاتھوں پر لگوائی۔یاد رہے کہ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چودھری کی منگنی دو ماہ قبل بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی تھی۔بختاور بھٹو زرداری کی شادی تقریبات میں شمولیت کیلئے لاہور سے متعدد پارٹی راہنماوں کی بلاول ہاوس کراچی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اورنگزیب برکی، سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن اور پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیزالرحمن چن سمیت دیگر پارٹی راہنما شادی تقریبات میں شرکت کیلئے آصف زرداری کی دعوت پر کراچی روانہ ہوگئے ہیں۔ بختاور بھٹو زرداری کی شادی تقریبات29،30 جنوری بلاول ہاوس کراچی میں منعقد ہو رہی ہے۔ بلاول زرداری نے بہن کی شادی کے سلسلے میں ایک ہفتے کے لئے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ آج 30 جنوری کو بارات کا استقبال کیا جائے گا۔ اس شادی میں ایک ہزار مہمان مدعو کیے گئے ہیں ان میں ملک کے سیاسی لیڈر، ملٹری،سول اور جوڈیشری کے اعلی عہدیداران سمیت سول و بیوروکریٹ اور صحافی بھی شامل ہیں۔

بختاور نکاح 

مزید :

صفحہ اول -