”راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں اظہر علی کو اوپننگ کرنی چاہئے کیونکہ۔۔۔“ رمیز راجہ نے بہترین مشورے کیساتھ زبردست وجہ بھی بتا دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اظہر علی کو اوپننگ کرنی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں اگرچہ پاکستان نے سات وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور قومی ٹیم نے ہر شعبے میں اچھی کارکردگی دکھائی تاہم عابد علی اور عمران بٹ کی اوپننگ جوڑی مکمل طور پر ناکام رہی۔
ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عمران بٹ پہلی اننگز میں نو اور دوسری اننگز میں 12 رنز بنا سکے جبکہ عابد علی نے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میںصرف دو رنز بنائے جس پر رمیز راجہ خوش نہیں ہیں اور انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اوپننگ جوڑی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ میرے خیال سے اظہر علی کو اپوننگ کرنی چاہئے کیونکہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے باوجود بھی انہیں بہت جلد میدان میں آنا پڑتا ہے جبکہ انہوں نے اپنی تمام بڑی اننگز جیسا کہ دبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرپل سنچری، میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف ڈبل سنچری ، بطور اوپنر ہی کھیلیں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ اظہر علی کو اوپننگ پر بھیجنے سے ناصرف پاکستان کی بیٹنگ لائن میں مضبوطی آئے گی بلکہ مڈل آرڈر بلے بازوں پر دباﺅ بھی کم ہو گا۔