کم عمری کی شادی پر دو روز قبل گرفتار کیا گیا دولہا انتقال کرگیا
خیرپور(ویب ڈیسک) دو روز قبل خیرپور کے علاقے پیرجوگوٹھ میں کم عمری کی شادی پر گرفتار ہونےوالا دولہا ایازعلی انتقال کرگیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق پیرجوگوٹھ پولیس نے دو روز قبل کوٹ ڈینل محلے میں کم عمر بچوں کی شادی کرائے جانے پر کارروائی کی تھی، اس کارروائی میں دولہے اور دلہن کے والدین سمیت 20 باراتیوں کو گرفتار کیا گیا تھا ۔بعد ازاں پیرجو گوٹھ پولیس نے دولہے ایاز علی ، دلہن صائمہ اور گرفتار افراد کو مقامی عدالت میں پیش کیا،جہاں عدالت نے دولہے دلہن کو آزاد کرنے اور ان کے والدین کوجیل بھیجنےکاحکم دیاتھا۔
آزادی ملنے کے بعد دولہا ایاز علی انتقال کرگیا، لڑکے کی اچانک موت پر اہل خانہ نے پیرجوگوٹھ پولیس کو مورد الزام ٹہراتے ہوئے کہا کہ دولہا پولیس لاک اپ میں رہنے کے باعث بیمار ہوا، لاک اپ میں رہنے کی وجہ سے اسے سخت ذہنی دباؤ کا سامنا تھا جس کے باعث آج وہ انتقال کرگیا۔