ہٹائے جانے والے ڈپٹی کمشنر جھنگ کے اعزاز میں الوداعی تقریب
فیصل آباد (ڈیلی پا کستان آن لائن)حکومتی اراکین اسمبلی کے دباؤ پرہٹائے جانے والے ضلع جھنگ کے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں ان کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈویژنل کمشنر ثاقب منان، آرپی او راجہ رفعت مختار، ڈپٹی کمشنرز فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ محمد علی، عمر جاوید، محمد ریاض، ڈی جی ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ، ایڈیشنل کمشنرز ایوب خان، عمران رضا عباسی، طارق خاں نیازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز فضل ربی چیمہ، خرم پرویز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید افتخار اولکھ ودیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈویژنل کمشنر نے ٹرانسفر ہونے والے ڈپٹی کمشنر کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ محمد طاہر وٹونے ضلع جھنگ میں تعیناتی کے دوران اعلی نظم ونسق کے قیام کے ساتھ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد اور عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور اقدامات کئے۔انہوں نے محمد طاہر وٹو کے لئے مستقبل میں نیک تمنائیں کا اظہار کیا۔آرپی او، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران نے بھی ٹرانسفر ہونے والے محمد طاہر وٹو کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محمد طاہر وٹونے کمشنر، آرپی او، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ جھنگ میں بطور ڈپٹی کمشنر عرصہ تعیناتی یادگار رہا جس دوران سینئر اور ساتھی افسران سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے انعقاد پر ڈویژنل انتظامیہ کا شکریہ بھی اداکیا۔
واضح رہے کہ نجی خبر رساں ادارے آن لائن نے دعویٰ کیا تھاکہ حکومت پنجاب نے ممبران اسمبلی کے دباؤ میں آکرضلع جھنگ کے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کو تبدیل کیا ہے ، اراکین اسمبلی نے حکومت پنجاب کو شکایات کیں تھی کہ طاہر وٹو کسی کا کام نہیں کرتے اورنہ ہی کوئی سفارش مانتے ہیں ۔