اے ایس آئی کی گولیوں کا نشانہ بننے والا بھارتی وزیر دم توڑ گیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی گولیوں کا نشانہ بننے والے بھارتی ریاست اوڈیشہ کے وزیر صحت نابا کشور داس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے.
بھارتی میڈیا کے مطابق نابا کشور داس کو سینے میں اس وقت گولی مار دی گئی جب وہ ایک پروگرام میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ انہیں بھونیشور کے اپولو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے.
ہسپتال کا کہنا تھا کہ گولی سے وزیر کے دل میں چوٹ لگی تھی اور اندرونی خون بہہ رہا تھا۔ہسپتال نے ایک بیان میں کہا "زخموں کو بند کردیا گیا تھا اور دل کی پمپنگ کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ انہیں فوری طور پر آئی سی یو کی دیکھ بھال فراہم کی گئی۔ لیکن بہترین کوششوں کے باوجود، وہ زندہ نہیں بچ سکے "۔
خیال رہے کہ دن کے وقت اے ایس آئی گوپال داس نے وزیر صحت کو اس وقت دو گولیاں ماریں جب وہ اپنی گاڑی سے اتر رہے تھے. موقع پر موجود لوگوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا. اس حملے کی وجہ تا حال معلوم نہیں ہوسکی.