برکت کی سب سے بڑی نشانی دل کا اطمینان ہے

 برکت کی سب سے بڑی نشانی دل کا اطمینان ہے
 برکت کی سب سے بڑی نشانی دل کا اطمینان ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تحریر : عبدالوہاب 

برکت کیا ہے ؟؟؟

 برکت کو بیان نہیں، محسوس کیا جاسکتا ہے۔ 
جب آپ آمدن و اخراجات کے حساب کتاب کے چکر میں پڑے بغیر اور بنا کسی ٹینشن کے اپنا کچن چلا رہے ہوں تو اسے برکت کہتے ہیں۔چاہے آپ کی آمدن ایک لاکھ ہو یا ایک ہزار۔ 

 اس کی سب سے بڑی نشانی دل کا اطمینان ہوتا ہے جو کہ بڑے بڑے سیٹھوں اور سرمایہ داروں کو نصیب نہیں ہوتا۔

 اگر برکت دیکھنی ہو تو سخت گرمیوں میں روڈ کھودتے کسی مزدور کو کھانے کے وقفے میں دیکھ لیں جب وہ دیوار کی اوٹ لے کر اپنی چادر پھیلا کر بیٹھتا ہے. اس کیفیت میں جو قرار اور دلی اطمینان اس کو محسوس ہو رہا ہوتا ہے وہ کسی لکھ پتی کو مہنگے برگر کھا کر بھی نصیب نہیں ہوتا۔

 برکت کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے گھر کے افراد کو کسی بڑی بیماری یا مصیبت سے محفوظ رکھتا ہے۔ انسان، اسپتال اور ڈاکٹروں کے چکروں سے بچا رہتا ہے۔ یوں اس کی آمدن پانی کی طرح بہہ جانے سے محفوظ رہ جاتی ہے۔

 برکت کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ آپ کی بیوی قناعت پسند اور شکرگذار ہے۔ وہ تھوڑے پر راضی ہوجاتی ہے، کپڑوں، میک اپ اور دیگر فرمائشوں سے آپ کی جیب پر بوجھ نہیں بنتی، یوں آپ کو اطمینان قلب کے ساتھ ساتھ مالی مشکلوں سے بھی بچالیتی ہے۔

 برکت کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ آپ کو اللہ تعالیٰ نے نیک اور شکرگذار اولاد عطا کی ہے۔  وہ اپنے دوستوں کی دیکھا دیکھی، آئے دن آپ سے نئی نئی فرمائشیں  نہیں کرتی بلکہ  شاکر رہتی ہے۔

 برکت کا تعلق مادی ذرائع کے برعکس اللہ تعالیٰ کی غیبی امداد سے ہے۔ یہ تو تھی مال اور آمدن میں برکت۔

 اسی طرح وقت اور زندگی میں برکت ہوتی ہے۔

 وقت میں برکت یہ ہے کہ آپ کم وقت میں زیادہ اور نتیجہ خیز کام کر سکیں، 

 اسی طرح عمر میں برکت یہ ہے کہ آپ کی زندگی برے کاموں میں خرچ نہ ہو رہی ہو بلکہ اچھے کاموں میں صرف ہو رہی ہو۔

 آپ کی کم محنت کا پھل زیادہ آمدن یا پیداوار کی صورت میں نکلنا بھی برکت ہے۔

  برکت اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندے کے لیے ’’سپیشل انعام‘‘ ہے

 برکت کے حصول کا نہایت آسان طریقہ صدقہ کرنا ہے یا کسی یتیم کی کفالت کرنا ہے۔