پشاور، پولیس لائنز کی مسجد کے اندر دھماکا،59 افراد شہید،159 سے زائد زخمی

پشاور، پولیس لائنز کی مسجد کے اندر دھماکا،59 افراد شہید،159 سے زائد زخمی
پشاور، پولیس لائنز کی مسجد کے اندر دھماکا،59 افراد شہید،159 سے زائد زخمی

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کے باعث 59 افراد شہید اور159 زخمی ہوئے ہیں جبکہ دھماکے کو ابتدائی طور پر خود کش حملہ قرار دیا جارہاہے ۔

 سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا اور خودکش حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا جس نے نماز ظہر کےدوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے بعد مسجد کی چھت نیچے آگری۔  دھماکے میں 159 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کرنے کا سلسلہ تقریبا مکمل ہو چکاہے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ دھماکے میں اب تک59 افراد شہید ہو چکے ہیں اور متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے سڑک کو آمدو رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کا کہناہے کہ زخمی ہونے والے 10 افراد کی آپریشن تھیٹر میں سرجری کی جارہی ہے ۔ہسپتال کی جانب سے شہریوں کو خون کے عطیات کی بھی اپیل کی گئی ہے ۔

پولیس لائنز کی مسجد میں ملبے تلے دبے افراد کو بھی نکالنے کیلئے ریسکیو ادارے مصروف عمل ہیں۔ابتدائی طور پر جب دھماکہ ہوا تو یوں محسوس ہوا کہ مسجد کے قریب لگے تین ٹرانسفارمز پھٹے ہیں لیکن جب مسجد میں سے لوگوں کی چیخ و پکار کی آواز سنی گئی اور لوگوں کو باہر بھاگتے ہوئے دیکھا گیا تو اصل دھماکے کا معلوم ہوا۔

مسجد کے بالکل ساتھ پولیس لائنز کی کینٹین بھی موجود ہے جہاں دھماکے کے وقت کھانے کا وقفہ بھی چل رہا تھا اور بھاری تعداد میں پولیس اہلکار وہاں موجود تھے ۔