پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کی نوعیت کیا تھی اور کس مقام پر ہوا؟

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکا خودکش حملہ تھا۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا اور خودکش حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا جس نے نماز کےدوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے بعد مسجد کی چھت نیچے آگری۔
مسجد میں دھماکے کے باعث 70 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 17 افراد شہید ہو گئے ہیں ، ان کے علاوہ 15 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیاہے ۔
دھماکے کے باعث شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ڈاکٹروں اور نرسنگ سٹاف کی چھٹیاں معطل کر دی گئی ہیں، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی جانب سے شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے ۔