لندن اولمپکس،قومی ہاکی ٹیم کا سپین کیخلاف آج پہلا امتحان

لندن اولمپکس،قومی ہاکی ٹیم کا سپین کیخلاف آج پہلا امتحان

  

لندن اولمپکس کا آغاز زور و شور سے ہوگیا ہے اور اس وقت سینکڑوں ممالک کے ہزاروں کھلاڑی اپنی اپنی قسمت آزمانے میں مصروف ہیں کون سا ملک اس مرتبہ سب سے زیادہ میڈلز اپنے نام کرتا ہے یہ تو آنے والا وقت ہی ثابت کرے گا لیکن چین نے کھیلوں کے آغاز میں ہی اپنی برتری قائم کردی ہے اور اس وقت وہ پوائنٹ ٹیبل پر سب سے آگے ہے بہرحال ہمیں تو اس ایونٹ میں اپنے کھلاڑیوں سے مطلب ہے اور ہماری نظریں اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر مرکوز ہیں پاکستان ہاکی ٹیم آج ایونٹ میں پہلا میچ سپین کے خلاف کھیلنے کے لئے تیار ہے اب ٹیم نے اس میچ کے لئے کیسی تیاری کی ہے آج میچ دیکھنے کے بعد پتہ چل جائے گا سپین کے خلاف پاکستان کی کامیابی آسان نہیں ہے کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ سپین کے مقابلے میں پاکستان کمزور ٹیم ہے لیکن پاکستانی ٹیم کے لئے یہ کہنا بھی غلط ہوگا کہ پاکستان سپین سے نہیں جیت سکتا پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لندن اولمپکس کے لئے کافی عرصہ قبل ہی پیشنگوئی کردی تھی کہ پاکستان اس ایونٹ میں کامیابی حاصل کرے گا اب نہ صرف قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی دیکھنے کا وقت آگیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہاکی فیڈریشن کے دعوﺅں میں کیاحقیقت ہے اس کا پتہ چلنے کا بھی وقت آگیا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن آج بھی اس بات پر بضد ہے کہ پاکستان کی ٹیم حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور اس کے لئے اس نے تیاری مکمل کرلی ہے اس ایونٹ کے لئے کھیلے گئے پریکٹس میچوں میں تو پاکستان کی اعلی کارکردگی نظر نہیں آئی ہوسکتا ہے کہ آج کے میچ میں پاکستان حیرت انگیز طور پر کچھ کردکھائے ہاکی ماہرین کے مطابق آج کے میچ میں پاکستان کی کامیابی کے بہت کم امکانات ہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کی ایک طویل عرصہ سے کارکردگی بہت خراب چلی آرہی ہے اور اس میگا ایونٹ میں تو پاکستان کے لئے کامیابی حاصل کرنا اور مشکل کام ہے بہرحال ٹیم کی کارکردگی ماضی میں کیسی رہی ہو اس کو پس پشت ڈال کر پوری پاکستانی قوم اپنی قومی ٹیم کی آج کامیابی کےلئے پر امید ہے اور اس کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں پاکستان نے اس میچ کے بعد ابھی مزید میچ کھیلنے ہیں پاکستان کو ایونٹ میں جس پول میں رکھا گیا ہے اس میں اس کےساتھ خاصی مشکل ٹیمیں ہیں اور ان تمام ٹیموں کے خلاف پاکستان کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو اتنی اچھی نہیں ہے دیگر ٹیمیں ہی پاکستان پر حاوی ہوتی نظر آئی ہیں پاکستان ہاکی ٹیم میں موجود کھلاڑیوں میں بھی چند کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جس کو بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا وسیع تجربہ حاصل ہو اس لئے پاکستانی ٹیم میں تجربہ کا بھی فقدان ہے ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -