سستے یوٹیلیٹی سٹور ز سے عوام کو ریلیف ملا‘رمضان بازاروں میں لاٹھی چارج کیاگیا ‘پرویز الٰہی

سستے یوٹیلیٹی سٹور ز سے عوام کو ریلیف ملا‘رمضان بازاروں میں لاٹھی چارج ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر) نائب وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں سستے یوٹیلیٹی سٹورز پر بازار سے کم قیمت پر معیاری اشیاءکی فراہمی سے عوام کو ریلیف ملا ہے جبکہ پنجاب میں ”خادم اعلیٰ“ کے رمضان بازاروں میں مہنگائی کی شکایت کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا جا رہا ہے۔ وہ یہاں سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس میں یوٹیلیٹی سٹورز کے زونل منیجرز اور ارکان اسمبلی کے اجلاس میں رمضان پیکیج پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کم قیمتیں اور بہتر معیار برقرار رکھا گیا ہے جن کے باعث خریداری میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پنجاب حکومت کے رمضان بازار مہنگائی اور بدانتظامی کے باعث اجاڑ پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹورز پر نگرانی و شکایات کے ازالے کیلئے راجہ بشارت کی سربراہی میں سیل قائم کر دیا ہے، وزرائ، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنماﺅں سے کہا گیا ہے جو سٹورز کا اچانک معائنہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی فراہمی میں رکاوٹ کے بعد میں نے خود فلور ملز مالکان سے مذاکرات کئے جو کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ معیار، مقدار اور قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، رمضان میں بہتر کارکردگی پر تمام ملازمین کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ ملے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملک بھر میں 5800 یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کو روزمرہ کی اشیاءسستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں یوٹیلیٹی سٹور نہیں وہاں ہمارے موبائل یوٹیلیٹی سٹور کام کر رہے ہیں جن میں فاٹا، مردان، بنوں اور بلوچستان کے علاقے بھی شامل ہیں۔ فلور ملز مالکان سے آج مذاکرات میں واضح کر دیا گیا ہے کہ غیر معیاری آٹا والی مل کو ہمیشہ کیلئے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کو ہدایت کی ہے کہ سٹورز پر صارفین باالخصوص خواتین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں جن میں مزید لیڈیز کاﺅنٹرز اور ویٹنگ روم کا انتظام شامل ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میجر جنرل (ر) ملک محمد فاروق، سردار آصف نکئی، ڈاکٹر سامعہ امجد، سیمل کامران، ثمینہ خاور حیات، شاہانہ فاروقی، خدیجہ فاروقی، ماجدہ زیدی، بشریٰ نواز گردیزی، انجینئر شہزاد الٰہی اور زونل منیجرز نے شرکت کی۔     چودھری پرویزالٰہی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر کوئی بدنظمی، بے ضابطگی نہ ہو اور عوام کو شکایت کا کوئی موقع نہ دیا جائے، ہر سٹور پر اشیاءکی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے یوٹیلیٹی سٹورز چھٹی کے دن کھلے رکھنے اور خریداری اوقات میں اضافہ کے فیصلہ پر سختی سے عمل کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -