رمضان میں لوڈشیڈنگ جاری ، ملک بھرمیں مظاہرے ، واپڈا کے دفاتر نذرآتش، پولیس بھی میدان میں آگئی

رمضان میں لوڈشیڈنگ جاری ، ملک بھرمیں مظاہرے ، واپڈا کے دفاتر نذرآتش، پولیس ...
رمضان میں لوڈشیڈنگ جاری ، ملک بھرمیں مظاہرے ، واپڈا کے دفاتر نذرآتش، پولیس بھی میدان میں آگئی

  

پشاور، ایبٹ آباد، میانوالی ، ملتان ،پھلروان ، ننکانہ صاحب(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں رمضان شریف کے دوران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلافبڑھتے ہوئے احتجاج پرتشدد ہوتے جارہے ہیں اور اب خواتین بھی میدان میں آگئی ہیں۔ آج مختلف علاقوں میں احتجاج کے دوران واپڈ ا کے دفاتر نذر آتش کردیئے گئے اور سڑکیں بلاک کرکے دیگر مسافر روزہ داروں کو مشکل میں ڈال دیاگیاجبکہ پولیس نے مظاہرین کومنتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے کے دوران رنگ روڈ اور موٹروے کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ پشاور میں علاقہ اچینی بالا میں رنگ روڈ پر لوگوں نے بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیااور رکاوٹیں کھڑی کرکے رنگ روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ مظاہرین نے حکومت اور پیسکو حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔ پشاور کے ساتھ نوشہرہ کے ملحقہ علاقوں اکبرپورہ، گڑھی مومن، جبہ داﺅدزئی اور کیمپ کورونہ میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف موٹروے پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیااور پتھر رکھ کر موٹر وے پر ٹریفک معطل کردی اور گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے جس کے بعد موٹر وے کو ٹریفک کے لیے بند کردیاگیا۔

ملتان میں مظاہرین نے گلگشت سب ڈویزن کاگھیرواﺅ کرلیا اوردفتر کافرنیچر نذرآتش کردیا۔مظاہرین کاکہناتھاکہ حکومتی دعوے اپنی جگہ لیکن رمضان شریف میں اُن کی سحری و افطاری بجلی اور پانی کی قلت کی وجہ سے مشکل بن گئی ۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

ننکانہ صاحب کے علاقے سیدوالا میں مظاہرین نے لیسکو کے دفتر پر دھاوا بول دیااور دفتر میں موجود فرنیچر کو آگ لگادی جس کے بعد پولیس کی نفری مظاہرین پر ٹوٹ پڑی ۔ مظاہرین نے لیسکو حکام اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی ۔

ایبٹ آباد میں بھی مظاہرین حویلی لکھامیں واپڈا کا دفتر نذر آتش کر دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے شاہراہ قراقرم کو بلاک کردیا۔

میانوالی کے علاقے کالاباغ کے علاقے میں خواتین اور تاجروں نے توانائی بحران کے خلاف مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

پھلروان میں بھی شہریوں نے احتجاج کیا اور سالم انٹر چینج کے قریب موٹر وے بلاک کردی جس سے لاہور سے اسلام آباد موٹر وے کی دونوں اطراف ٹریفک معطل ہوگئی۔

مزید :

پشاور -اہم خبریں -