مسلم لیگ ن کے صدر سے جنگجو محسن کی ملاقات، شہبازشریف نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کی اہلیہ جگنو محسن نے ملاقات کی ہے ، اس دوران پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ،ملاقات میں میاں شہباز شریف نے انہیں الیکشن میں تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو کمال کر دیا ،یہ تاریخی فتح آپ کی عوام کیساتھ اور عوام کی آپ کے ساتھ بے پناہ محبت کی آئینہ دار ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کی اہلیہ اور اوکاڑ ہ کے حلقے پی پی 184 سے کامیاب ہونے والی پنجاب اسمبلی کی آزاد امیدوار جگنو محسن نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پنجاب میں حکومت ساز ی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
جنگ کے ذرائع کے مطابق میاں شہبازشریف نےجگنو محسن کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی جس پر جگنو محسن نے کہا کہ وہ سوچ کر حتمی جواب د یں گی۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے ایک ایسے شخص کو شکست دی جس نے اپنی متکبرانہ سیاست کی وجہ سے ن لیگ کا جاری شدہ ٹکٹ چھوڑ دیاجس پر جگنو محسن نے کہا کہ مجھے آپ سے شکایت ہے کہ مسلم لیگ ن نے ایسے افراد کو ٹکٹ بھی جاری کئے جو عوام سے دوریاں رکھتے ہیں اور عوام ان سے دور رہتے ہیں ، رضا گیلانی کو عوام سے کوئی سروکار نہیں عوام نے بھی اسے بدترین شکست سے دوچار کر کے عبرت کا نشان بنا دیا، جس پرشہباز شریف نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو ٹکٹ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر ہے ۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ پنجا ب میں ان کو اکثریت حاصل ہے اس لئے پنجاب میں حکومت بنانا ان کا حق ہے جبکہ تحریک انصا ف کی جانب سے مسلم لیگ ق کو ملا کر اپنی نمبر گیم پوری کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔