ربادا اور سمشی کی عمدہ باؤلنگ: جنوبی افریقہ کی پہلے ون ڈے میں لنکا کو شکست

ربادا اور سمشی کی عمدہ باؤلنگ: جنوبی افریقہ کی پہلے ون ڈے میں لنکا کو شکست

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈمبولا(اے پی پی) کگیسوربادا اور تبریز شمسی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، جنوبی افریقہ نے 194 رنز کا ہدف 31 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، جے پی ڈومینی نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، ربادا اور شمسی نے 4، 4 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، کوسل پریرا کی 81 رنز کی دلکش اننگز رائیگاں گئی۔ تبریز شمسی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اتوار کو دمبولا میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکن قائد اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 34.3 اوورز میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، آئی لینڈرز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 36 کے سکور پر اس کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، نیروشن ڈکویلا 2، کوسل مینڈس 3، اپل تھرنگا 10، کپتان میتھیوز 5 اور شیہان جے سوریا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کوسل پریرا نے تھسارا پریرا کے ساتھ مل کر 92 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 128 تک پہنچا دیا، یہاں پر شمسی نے تھسارا کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، انہوں نے 49 رنز بنائے، 166 کے سکور پر دانن جایا 11 رنز بنا کر چلتے بنے، 179 کے سکور پر میزبان ٹیم کو 8واں نقصان اٹھانا پڑا جب کوسل پریرا جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 81 کے انفرادی سکور پر تبریز شمسی کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، سرنگا لکمل 5 اور کمارا 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سنداکن 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ربادا اور شمسی نے 4، 4 اور لونگی نگیڈی نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 31 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
، پروٹیز کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 31 کے سکور پر اس کی 2 وکٹیں گر گئیں، ہاشم آملہ 19 اور ایڈن مرکرم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 117 تک پہنچا دیا، یہاں پر دانن جایا نے ڈی کوک کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، کوک نے 47 رنز بنائے، ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈوپلیسی بھی ہمت ہار گئے اور وہ 47 رنز بنا کر سنداکن کی گیند کا نشانہ بنے، 172 کے سکور پر ڈیوڈ ملر 10 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، ڈومینی نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا، انہوں نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر میزبان ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ملڈر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، دانن جایا نے 3، لکمل اور سنداکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔