لاہور اور گرد و نواح میں پتنگ سازی کا دھندہ عروج پر ، پولیس کی ملی بھگت سے 20آبادیوں میں کاروبار زور پکڑگیا

لاہور اور گرد و نواح میں پتنگ سازی کا دھندہ عروج پر ، پولیس کی ملی بھگت سے ...

لاہور(خبرنگار) صوبائی دارالحکومت اور گردونواح کی آبادیوں میں پتنگ سازی کا دھندہ عروج پر، پتنگ بازوں نے موبائل فون کے ذریعے اپنی پسند کی ڈور اور گڈے اور پتنگیں تیار کروانا شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث پتنگ سازی کے کام میں بھی تیزی آنے لگی ہے اور شہر کی 20 آبادیوں سمیت ارد گرد کے علاقوں میں اندر کھاتے پتنگ سازی کے دھندے نے زور پکڑ لیا ہے ۔ باغبانپورہ ، محمود بوٹی، جلو پنڈ، مناواں، ابراہیم کالونی، غازی آباد ، ہربنس پورہ اور چونگی امر سدھو ، کچا جیل روڈ ، کالا خطائی روڈ سمیت 20 سے زائد علاقوں میں اندر کھاتے پتنگ بازی کا سامان تیار ہونے لگا ہے اور اس کے علاوہ مریدکے، نارنگ منڈی ، مانگا منڈی سمیت کاہنہ اور سٹی رائے ونڈ میں بھی بڑے بڑے سائز کی پتنگیں اور گڈے تیار ہونے لگے ہیں جبکہ موٹی اور کیمیکل والی ڈور اور چرخیاں بھی تیار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پتنگ سازوں کو دکانداروں اور پتنگ بازوں کے موبائل فون کے ذریعے آرڈر دینے کے دھندے میں اچانک تیزی آ گئی ہے اور پتنگ ساز رات کے اندھیرے میں آرڈر کے مطابق پتنگ بازی کا سامان فراہم کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس ناکوں پر تعینات اہلکار اپنا حصہ وصول کر کے آگے جانے کی اجازت دے دیتے ہیں جس کے باعث پتنگ بازوں تک بڑی آسانی سے پتنگ بازی کا سامان پہنچانے میں مدد مل رہی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی سٹی سیف اللہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں شاہدرہ ، راوی پل اور مستی گیٹ پر اکثر گاڑیوں سے پتنگ بازی کا سامان پکڑا گیا ہے اب بھی ناکوں پر سخت چیکنگ کا حکم دے رکھا گیا ہے۔

مزید : علاقائی