تھانہ گجر پورہ اور شالامار کرائے کی بوسیدہ عمارتوں میں قائم ،ریکارڈغیر محفوظ

تھانہ گجر پورہ اور شالامار کرائے کی بوسیدہ عمارتوں میں قائم ،ریکارڈغیر ...

لاہور(خبرنگار) مغل پورہ پولیس سرکل کے دو تھانے گجر پورہ اور شالامار کئی سال سے کرائے کی تنگ، خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں میں قائم ہیں جبکہ تھانہ مغل پورہ کی عمارت سو سال سے زیادہ پرانی ہے جہاں بارش کے دوران کمروں کی چھتیں ٹپکتی رہتی ہیں۔ تھانہ شالیمار اور تھانہ گجر پورہ کی عمارتیں ناکارہ ہونے کی وجہ سے پولیس ریکارڈ تک محفوظ نہ ہے جبکہ تھانہ میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے تھانیدار اور اہلکار تھانہ کے ارد گرد کرائے پر کوارٹرز لے کر گزارا کر رہے ہیں، ان دونوں تھانوں میں اہلکاروں کی شدید کمی ہے اور جو اہلکار تعینات ہیں وہ جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی میں لگے ہوئے ہیں اور مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے کے باوجود براجمان ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایچ او گجرپورہ انسپکٹر عامر مشتاق کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے اہلکاروں سے تعلقات قائم کررکھے ہیں اور شکایت پر بار بار تبدیل ہونے کے باوجود دوبارہ اسی تھانہ میں پوسٹنگ کروانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں جس کے باعث منشیات فروشی،قمار بازی اور غنڈہ گردی کی شکایات ہیں تاہم اپنی تعیناتی کے دوران اس علاقہ کو کرائم سے پاک کر کے دم لونگا ۔اس حوالے سے ڈی ایس پی مغل پورہ ملک افتخار اعوان نے بتایا کہ پہلے الیکشن کی ڈیوٹی میں مصروف تھے اب جرائم پیشہ افراد کے خلاف شکنجہ تیارکر لیا ہے، پہلے مرحلہ میں اشتہاریوں کی گرفتاری اور دوسرے مرحلہ میں قمار بازی اورمنشیات فروشی ختم کرنا اولین ترجیح ہے جبکہ وارداتیں کنٹرول کرنے کے لئے ڈوالفن ، پیروسکواڈ اور تھانوں کی گشت بھی بڑھا دی گئی ہے اور وہ خود مانیٹر کریں گے۔

مزید : علاقائی