فکسڈ الیکشن کے مشکوک نتائج کسی صورت قبول نہیں : پرویز ملک

فکسڈ الیکشن کے مشکوک نتائج کسی صورت قبول نہیں : پرویز ملک

لاہور(سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ متنازع الیکشن اور مشکوک انتخابی نتائج سے بننے والی حکومت چل نہیں سکے گی، الیکشن کا ڈھونگ رچا کر سلیکشن کی گئی ہے،پری پول رگنگ اور پوسٹ پول رگنگ کے ذریعے پسندیدہ پارٹی کو جتوایا گیا ہے۔ عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والے قومی مجرم ہیں،ثابت ہوگیا کہ الیکشن خلائی مخلوق جیتی ہے۔فکسڈ الیکشن کے مشکوک نتائج کسی صورت قبول نہیں کئے جا سکتے، ہم پختہ عزم کے ساتھ ایک بار پھرمحنت کریں گے، ملک کو قائدؒ و اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے اور پنجاب کے ترقی کے ماڈل کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے،شفاف احتساب کے عمل کے ذریعے ہی ملک آگے جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سید توصیف شاہ،علی پرویز ملک، عامر خان، سعدیہ تیمور،جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت سمیت دیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ کی عزت اور سول بالادستی کے لئے فیصلہ کن جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ حقیقی جمہوری قوتوں کے اتحاد کا وقت آ گیا ہے۔ لاڈلے کو پلیٹ میں رکھ کر اقتدار پیش کیا جا رہا ہے۔شروع سے آخر تک پورا الیکشن اغوا کیا گیا ہے۔ پانچ سال دھرنے دینے والا اب عوامی دھرنوں کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہو جائے، عمران خان ملک چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1