وائے ڈی اے کے عہدیداروں کی پرنسپل جنرل ہسپتال سے ملاقات

وائے ڈی اے کے عہدیداروں کی پرنسپل جنرل ہسپتال سے ملاقات

لاہور(پ ر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے کہا ہے کہ نوجوان ڈاکٹرز ملک و قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتیوں کو مزید نکھارنے کیلئے اقدامات کریں گے تاکہ وہ مریضوں کی بہتر سے بہتر خدمت یقینی بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر کے مطابق نت نئی تحقیق سے استفادہ کرنا اشد ضروری ہے تاکہ جدید طریقہ علاج سے ہسپتالوں کا معیار مزید بہتر بنایا جا سکے،اس امر کا اظہار پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر سلیم ملک کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی جبکہ ڈاکٹر رانا آصف صغیر ،ڈاکٹر عمار یوسف،ڈاکٹر اظہر عالم ، ڈاکٹرفاروق باجوہ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سلیم ملک نے اپنی تنظیم کی قیادت کی طرف سے پروفیسر محمد طیب کو ادارے کی کمان سنبھالنے پر مبارکباددی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پرنسپل کو ڈاکٹرز ہاسٹل ، پارکنگ اور سیکورٹی کے مسائل سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ جنرل ہسپتال میں مریض دوست رویہ اپنانے کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہوں گے اور ہسپتال میں آنے والے ہر شخص کی بلا تفریق خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے کہا کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں سمیت دیگر ملازمین کے مسائل کا حل اُن کی اولین ترجیح ہے وہ ادارے میں میرٹ اور کارکردگی کو فوقیت دیں گے اور ہر شعبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے ذریعے اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر شخص اپنے فرائض قواعد و ضوابط کے مطابق ادا کرے ۔انہوں نے وائے ڈی اے کی تنظیم کو لاہور جنرل ہسپتال میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور باہم مل کر ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1