مضبوط مقامی کیپٹل مارکیٹ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ، وفاقی وزیر خزانہ

مضبوط مقامی کیپٹل مارکیٹ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد (اے پی پی) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی مالیاتی ضروریات کو سہارا دینے والے مقامی وسائل کو متحرک بنانے کیلئے مستحکم کیپٹل مارکیٹ ضروری ہے۔ کیپٹل مارکیٹ غیرملکی سرمایہ کاری لانے میں بھی اہم ذریعہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے تجاویز اور سفارشات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ ، چیئرمین پی ایس ایکس،ان کی ٹیم اور چیئرمین ایس ای سی پی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کیپٹل مارکیٹ کی مستقبل کی ترقی کیلئے درکار روڈ میپ کی تیاری کیلئے سٹاک مارکیٹ کے اہم اراکین کی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے،ایس ای سی پی کو ہدایت کی گئی تھی کہ آئندہ پانچ سال کیلئے نیا سٹریٹجک پلان پیش کریں۔ چیئرمین پی ایس ایکس رچرڈ مورین نے سٹاک مارکیٹ کے دیگر اراکین کے ہمراہ وزیر خزانہ کو ’’پاکستان کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے روڈ میپ‘‘ سے متعلق پریذیزٹیشن دی۔ انہوں نے کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے پاکستان سٹاک ایکسچینج پی ایس ایکس کے اقدامات سے آگاہ کیا جن میں پالیسی سازی کے اثرات، استعداد کار میں اضافہ، سرمایہ کار ی کو وسعت دینے کیلئے درکار سہولیات اور ترغیبی اقدامات، بروکرج اور صنعتی مینجمنٹ کے اثاثے بشمول نئی مصنوعات متعارف کرانے کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیکس ماحول کی بہتری اور ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ کے انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔ ایس ایم ای کی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی میں کیسے بہتری لائی جاسکتی ہے اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مارکیٹ کے تمام فریقین کی اصلاحات سمیت باہمی فنڈ انڈسٹری کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری پنشن فنڈ کے نظام کے مالی استحکام کے فقدان سے متعلقہ تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رچرڈ مورین نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے تین سالہ سٹریٹجک پلان تیار کیا جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ اور ایس ای سی پی کو پیش کردیا جائے گا۔ ایس ای سی پی نے شفاف اور آزاد ریگولیٹری ڈھانچہ پر مبنی جدید اور موثر کیپٹل مارکیٹ کی ترقی سے متعلقہ اپنے عزم کا اعادہ کیا جس سے قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ سرمایہ کار کے تحفظ اور نظام کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ایس ایس سی پی نے فعال کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے اپنے مقاصد کیپٹل کی تشکیل اور مسابقتی سرمایہ کار منزل متعین کرنے اور پراڈکٹ ڈویلپمنٹ اور سرمایہ کاری کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بین الاقوامی مالیاتی ماہر اور مشیر ہارون شریف نے کیپٹل مارکیٹ اصلاحات پر اپنا نکتہ نظر پیش کیا اور ایس ای سی پی کی استعداد کار میں اضافہ اور پرائمری مارکیٹ کی ترقی کیلئے گورننس کی تیزی پر توجہ مرکوز کرنے اور مالیاتی کمپنیوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالی جو پاکستان اور چند اہم رکن ممالک کے مابین اشتراک سے تشکیل دی گئی ہیں۔ نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے اختتامی کلمات میں کہا کہ موثر اور مضبوط تر مقامی کیپٹل مارکیٹ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ہے جوکہ درکار مسابقت اور قرض کو مربوط بنانے کی اجازت دیتا ہے۔ڈاکٹر شمشاد اختر نے جامع، مربوط اور مجموعی کیپٹل مارکیٹ ایجنڈے کی تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایس ای سی پی کی گورننس کو مستحکم بنانے، وزارت خزانہ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے معاون بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام کلیدی ریگولیٹرز کے مابین ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور تمام سٹیک ہولڈرز اور مارکیٹ کے صنعتی شرکاء کے مابین مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور باہمی تجربات کے تبادلہ کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے اس مقصد کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شرکاء کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور ان کو نئی حکومت کے غور کیلئے دستاویزی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ جب تک کوئی باقاعدہ طریقہ کار وضع نہیں ہوجاتا فنانس ڈویژن میں ایک فوکل پرسن ہونا چاہئے اور ایڈیشنل فنانس سیکرٹری (انٹرنل فنانس) کو کیپٹل مارکیٹ سے متعلقہ امور پر مختلف فریقین کے ساتھ رابطہ کیلئے فوکل پرسن نامزد کیا۔ انہوں نے کیپٹل مارکیٹ کی ترقی کے ایجنڈے پر آئندہ ہفتہ مزید تبادلہ خیال کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید : کامرس