اشرف غنی کا عمران خان کو ٹیلیفون ، کامیابی پر مبارکباد

اشرف غنی کا عمران خان کو ٹیلیفون ، کامیابی پر مبارکباد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد،کابل (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو افغانستان میں آنے کی دعوت دی ہے جسے عمران خان نے قبول کرلیا ہے ۔ افغان صدر نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ انہوں نے عمران خان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں انہیں کابل آنے کی کھلی دعوت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے عمران خان نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ اشرف غنی نے کہاکہ دونوں نے ماضی کو بھلانے اور پاکستان ٗ افغانستان کے خوشحال سیاسی ٗ سماجی اور اقتصادی مستقبل کی نئی بنیادیں رکھنے پر اتفاق کیا ۔دریں اثناء تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ترجمان نعیم الحق نے اسلام آباد میں میڈیا کو بتایا کہ عمران خان نے افغان صدر کی جانب سے دورے کی دعوت قبول کی ہے اور وہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد افغانستان کا دورہ کرینگے ۔ دوسری جانب اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیلوال نے اپنے ٹوئٹر پر کہاکہ صدر اشرف غنی نے عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے افغانستان میں امن اور سلامتی کیلئے کام کر نے کا ارادہ ظاہر کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے اعلان سے دونوں ممالک مشترکہ طور پر امن وسلامتی کے مقاصد کا حصول کر سکتے ہیں ۔ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ عمران خان نے اشرف غنی سے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مکمل امن اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور تحریک انصاف کی نگاہ میں پاک افغان تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات میں سرگرمی اور تحریک لائے گی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان نے اظہار تشکر کے ساتھ دورہ افغانستان کی دعوت بھی قبول کرلی اور کہا کہ حکومت سازی کا عمل مکمل ہوتے ہی افغانستان کا دورہ کروں گا۔
افغان صدر کا فون

مزید :

صفحہ اول -