عمران خان کے بدعنوانی ختم کرنے کے عزم نے عوام کومتاثر کیا، امریکی میڈیا

عمران خان کے بدعنوانی ختم کرنے کے عزم نے عوام کومتاثر کیا، امریکی میڈیا

واشنگٹن (صباح نیوز)الیکشن 2018میں تحریک انصاف کی کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان میں بھی موروثی سیاست دم توڑ گئی ،امریکہ کے ذرائع ابلاغ پاکستان کے انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کو یہ کہتے ہوئے اجاگر کررہے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملکی سیاست میں موروثیت کاخاتمہ کردیاہے۔عالمی خبررساں ادارے نے ایک مراسلے میں کہاہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے عمران خان کے عزم نے رائے دہندگان کومتاثر کیا۔مراسلے میں کہاگیا کہ بدعنوانی کے خلاف یلغار کی علامت بننے والے کی فتح نے نوازشریف کی مسلم لیگ(ن)اوربلاول بھٹو زرداری کی پیپلزپارٹی کے عشروں پر محیط بارباراقتدار پرگرفت کاخاتمہ کردیاہے۔ عمران نے بدعنوانی کے خلاف مسلسل مہم کی قیادت کی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما نے پاکستان کواسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم ظاہر کیاہے تاہم ان کی جماعت کو سب سے پہلے ایک بڑے مالیاتی بحران سے نمٹنا ہوگا۔ امریکی اخبار نے انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کو ایک ایسے شخص کی حیران کن فتح کا نام دیا ہے جس نے اپنا زیادہ تر سیاسی کیریئر پاکستانی سیاست کی انتہائی نچلی سطح پرگزاراہے۔روزنامے نے کہاہے کہ اگلی حکومت کاسب سے پہلاہدف کرنسی بحران سے نمٹنا ہوگا۔ایک بڑے امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے کہاہے کہ عمران خان عوامی خدمت کو بہتر بنانے کا ایک ایسا مقامی ایجنڈا سامنے لائے ہیں جس میں تعلیم کی فراہمی اور ایک کروڑ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا شامل ہیں جومعاشی ترقی اور تصرفات میں اضافے کاتقاضا کرتاہے۔

مزید : صفحہ آخر