بارشوں نے تباہی مچا دی ، چھتیں گرنے ، بارشی او ر ندی میں ڈوب کر بچوں سمیت 14افراد جاں بحق

بارشوں نے تباہی مچا دی ، چھتیں گرنے ، بارشی او ر ندی میں ڈوب کر بچوں سمیت ...

سرگودھا، جوہرآباد، حافظ آباد(بیورو رپورٹ،نمائندہ پاکستان، ایجنسیاں) سرگودھا کے نواحی علاقوں ویگو وال ،کوٹ راجہ اور حافظ آباد میں سکھیکی ،پنڈی بھٹیاں میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے سے باپ بیٹے اور ایک خاتون سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 13افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے ویگووال میں چوبارے کی دیوار محمد خان کے مکان کی چھت پر آن گری جس سے محمد خان کے مکان کی چھت گر گئی اور گھر میں موجودہ گیارہ افراد ملبے تلے دب گئے، جن میں سے چار افراد 60 سالہ محمد خان، چار سالہ علی اکبر، 27 سالہ سمرین بی بی اور 60 سالہ محمد حیات جاں بحق جبکہ مقدس شاہین، صدف بی بی، عنبرین، نسرین اور دو سالہ عائشہ زخمی ہو گئے، جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، چھت گرنے کے سانحہ کے بعد علاقہ میں سوگ کی فضا پائی جا رہی ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔علاوہ ازیں علاقہ کوٹ راجہ میں بھی بارش کے باعث ایک خستہ مکان کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے گھر کا سربراہ عامر اور اِس کا بیٹا مختار جاں بحق ہو گئے جبکہ سکینہ بی بی ‘ عذرا بی بی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حال کے باعث ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا داخل کرا دیا گیا جہاں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔دریں اثناء حافظ آباد اور اسکے گردونواح میں گذشتہ چار پانچ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اس بارش کی وجہ سے گذشتہ روز پنڈی بھٹیاں کے محلہ فاروق اعظمؓ میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے محنت کش غریب خاتون نسرین بی بی زوجہ مختار احمد ملبہ تلے دب کر جاں بحق ہوگئی دوسری جانب سکھیکی میں دیوار گرنے سے پانچ افراد ذخمی ہوگئے۔

جوہرآباد(نمائندہ پاکستان) ضلع خوشاب کے علاقہ وادی سون اور دامن مہاڑ میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ۔ بارشوں کے دوران پہاڑی ندی نالے بپھر گئے اور ان میں آنے والے سیلابی ریلے درجنوں مویشیوں ، گاڑیوں اور گھریلو سامان کو اپنے ساتھ بہا کر لے گئے ، دامن مہاڑ کے گاؤں ڈھوکڑی کے نواحی علاقہ پیڑا کلوال میں مکان کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں ۔مقامی کسان صالح محمد کی بیوی حلیم خاتون اور بہو رضیہ بی بی اپنے کمرے میں سوئی ہوئی تھیں کہ بارش کے دوران بوسیدہ مکان کی چھت اچانک ان پر آگری ۔ جس کے نتیجہ میں دونوں خواتین ملبہ میں دب گئیں ۔ دامن مہاڑ کے گاؤں برج مہرا میں 27سالہ نوجوان اپنے گھر سے ملحقہ گہری کھائی میں جمع ہونے والے بارشی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا گاؤں کے مکینوں نے طویل جدوجہد کے بعد اس کی لاش پانی سے نکالی ۔ وادی سون کے مرکزی قصبہ نوشہر ہ میں سیلابی ریلے میں کئی گاڑیاں اور ٹریکٹر پانی میں بہہ گئے اورپہاڑی پتھر گرنے سے کئی گاڑیاں تباہ و برباد ہو گئیں۔ دامن مہاڑ کے علاقہ میں بارشوں کے باعث فصلات کو بھی شدید نقصان پہنچا اور اب بھی کھیتوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔ ضلعی انتظامیہ پانی کی نکاسی کیلئے ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم طوفانی بارش کا سلسلہ نہ تھمنے کے باعث مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔

لوئر دیر (این این آئی)لوئر دیر میں برساتی ندی میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے ٗچاروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے میدان اشروگئی میں موسلادھار بارش سے برساتی ندی میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ٗ برساتی ندی میں 2 بچے اور 2 خواتین بہہ گئے ۔چاروں افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن کا تعلق گاؤں تخت سے ہے۔

بارشیں

مزید : صفحہ آخر